حج کمیٹی کو مزید 22 عازمین حج کا کوٹہ

18 جولائی تک رقم اور پاسپورٹ جمع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کو مزید 22 عازمین حج کی منظوری حاصل ہوئی ہے۔ اس سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ کے عازمین حج کی تعداد میں مزید 22 کا اضافہ ہوچکا ہے۔ ان میں 10 عازمین وہ ہیں جنہیں سفر حج منسوخ کرنے والے درخواست گذاروں کی جگہ ویٹنگ لسٹ سے منتخب کیا گیا جبکہ 12 عازمین ملک بھر میں ریاستوں کو تقسیم کئے گئے زائد کوٹہ کے حصہ کے طور پر ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی نے زائد کوٹہ کو تمام ریاستوں میں آبادی کے اعتبار سے تقسیم کیا ہے جس کے تحت تلنگانہ کے حصہ میں 12 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ یہ تمام 22 عازمین حج 18جولائی تک مکمل رقم معہ اوریجنل پاسپورٹ تلنگانہ حج کمیٹی میں جمع کردیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ویٹنگ لسٹ کے تحت 111، صدر جمہوریہ کے کوٹہ کے تحت 10 اور وزیر اعظم کے کوٹہ کے تحت ایک عازم کو تلنگانہ کیلئے الاٹ کیا گیا تھا۔ دیگر عازمین حج کیلئے بھی دوسری اور آخری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 18 جولائی مقرر ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں ناظر رباط سے مشاورت جاری ہے اور عمارتوں کے انتخاب کے بعد ناظر رباط تعداد کے بارے میں حج کمیٹی کو اطلاع دیں گے جس کے مطابق عزیزیہ زمرہ کے عازمین میں سے قرعہ اندازی کی جائے گی۔