حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2014ء کیلئے ریاستی حج کمیٹی کو تاحال 7440 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ 14ہزار سے زاید درخواستیں ریاست بھر میں حاصل کی گئیں۔ حج کمیٹی کو اُمید ہے کہ جاریہ سال حج کیلئے حج کمیٹی کے مقررہ کوٹہ سے زاید درخواستیں وصول ہوں گی۔ درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 15مارچ ہے۔اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ محفوظ زمروں کے تحت723درخواستیں وصول ہوئیں جنہیں قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرلیا جائے گا۔ 70سال سے زاید عمر کے محفوظ زمرے میں 255اور مسلسل تین مرتبہ قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم 468 درخواستیں وصول ہوئی ہیں، انہیں بھی راست طور پر منتخب کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 6674 درخواستیں پہلی مرتبہ داخل کی گئی ہیں جبکہ 22ایسے افراد نے درخواست داخل کی جو گذشتہ سال فریضہ حج ادا کرچکے ہیں،
ان درخواستوں کو مسترد کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض اضلاع سے درخواستوں کی وصولی ابھی باقی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے ابھی تک آندھرا پردیش کیلئے حج کوٹہ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم توقع ہے کہ گذشتہ سال کے مطابق ہی جاریہ سال بھی حج کوٹہ رہے گا۔ گذشتہ سال ایرپورٹ پر وصول کردہ یوزر چارجس کی واپسی کے سلسلہ میں حج کمیٹی نے پھر ایک مرتبہ حکومت سے نمائندگی کی ہے۔اسوقت کے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے یوزرچارجس میں 50فیصدرعایت کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق حکومت کو 78کروڑ روپئے جاری کرنے ہیں۔ محکمہ فینانس کی جانب سے اس رقم کی اجرائی کے بعد گذشتہ سال کے حجاج کرام کی جانب سے ادا کردہ فی کس 1910روپئے کی نصف رقم واپس کی جائے گی۔ حج 2014 کیلئے عازمین حج کو حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر یوزرچارجس ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ یوزر چارجس سے مسافرین کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔