حیدرآباد /9 مئی ( پریس نوٹ ) منتخب عازمین حج کیلئے حج مصارف کی رقم کی پہلی قسط کے طور پر مبلغ 81,000 روپئے ادا کرنے کی آخری تاریخ 15 مئی مقرر کی گئی ہے ۔ اسپیشل آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ قرعہ اندازی میں منتخب 3904 عازمین کے علاوہ محفوظ زمروں کے 1476 عازمین حج کو اس سلسلہ میں ذریعہ ڈاک کنفرمیشن لیٹر روانہ کردئے گئے ہیں ۔ ان تمام عازمین سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ جلد سے جلد ایس بی آئی کور بنکنگ کے ذریعہ اپنی رقم جمع کروادیں اور بنک چالان پر اپنا بینک ریفرنس نمبر درج کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج بینک چالان کی رسید کے ساتھ ایک عدد پاسپورٹ سائز فوٹو اور اپنا اوریجنل پاسپورٹ دفتر حج کمیٹی میں داخل کردیں ۔ ایگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی جناب عبدالحمید نے بتایا کہ عازمین کی سہولت کیلئے حج کمیٹی کا دفتر ہفتہ 10 مئی کو دوسرے ہفتہ کی تعطیل کے باوجود کھلا رہے گا ۔ عازمین سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے بینک چالان کی رسید اور اپنا پاسپورٹ دفتر حج کمیٹی میں جمع کروادیں ۔