حج کمیٹی کا دفتر آج کھلا رہے گا، اسپیشل آفیسر کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ حج 2015 کے خواہش مند عازمین حج کو اطلاع دی ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کا دفتر کل دوسرے ہفتہ 14 فروری کو بدستور کام کرے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ دفتر حج کمیٹی کو دوسرے ہفتہ کی تعطیل نہیں ہے اور دفتر میں نئے فارم جاری کرنے ، فارموں کی خانہ پری اور تنقیح اور فارم داخل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے خواہش مند عازمین حج سے اس سہولت سے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ درخواست گذاروں کی سہولت کے لیے یونین بینک آف انڈیا نے حج ہاوز میں ایک خصوصی کاونٹر قائم کیا ہے ۔ درخواست فارم حج کمیٹی کی ویب سائٹ hajcommittee.com سے راست ڈاون لوڈ کئے جاسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ مطبوعہ درخواست فارم کی زیراکس کاپی بھی قبول کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درخواست فارم کے ساتھ داخل کرنے کے لیے پاسپورٹ کی نقل ، اور دیگر دستاویزات کی دو عدد زیراکس کاپیاں ساتھ لانا چاہئے ۔ آن لائن درخواستیں داخل کرنے اور آن لائن ادائیگی کرنے کی سہولت بھی موجود ہے ۔ جس پر ان کو گروپ آئی ڈی نمبر حاصل ہوگا ۔ درخواست گزاروں کو اس طرح آن لائن داخل کردہ حج درخواست فارم کے دو پرنٹ آوٹ لے کر ، اس پر فوٹو ، دستخطیں ، ڈاکٹر کا صداقت نامہ اور پاسپورٹ کی دو زیراکس کاپیوں کے ساتھ دفتر حج کمیٹی میں داخل کرنا ہوگا ۔ جس کی تصدیق کے بعد درخواست گزاروں کو کور نمبر الاٹ کیا جائے گا ۔ فی کس مبلغ 300 روپئے کا چالان اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے علاوہ یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں یا حج ہاوز میں قائم کردہ یونین بینک آف انڈیا کے کاونٹر پر جمع کروایا جاسکتا ہے ۔۔