حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی میں کیا حکومت نے کانگریس پارٹی کو نمائندگی دی ہے؟ یہ سوال آج اس وقت پیدا ہوا جب حج کمیٹی کے پہلے اجلاس میں خاتون رکن نے اپنے وزیٹنگ کارڈ دیگر ارکان اور عہدیداروں میں تقسیم کیے۔ وزیٹنگ کارڈ دیکھ کر ہر کوئی حیرت میں تھا اور آپس میں یہ سوال کررہے تھے کہ کیا چیف منسٹر نے جذبہ خیرسگالی کے تحت کانگریس پارٹی کو نمائندگی دی ہے۔ عام طور پر سرکاری اداروں میں برسر اقتدار پارٹی کے قائدین کو شامل کیا جاتا ہے۔ حکومت نے شیعہ نمائندے کی حیثیت سے شمیم آغا کو شامل کیا اور آج وہ پہلے اجلاس میں شریک ہوئیں۔ شمیم آغا کانگریس پارٹی سے ٹی آر ایس میں شامل ہوئی ہیں۔ انہوں نے تمام ارکان اور عہدیداروں کو جو وزیٹنگ کارڈ پیش کیا اس میں ان کے نام کے ساتھ نائب صدر تلنگانہ اسٹیٹ مہیلا کانگریس درج تھا۔ یہ وزیٹنگ کارڈ ارکان نے میڈیا کے نمائندوں کو دکھایا اور حیرت ظاہر کی کہ پارٹی میں شمولیت کے باوجود ابھی تک نئے کارڈ تیار نہیں کیے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض ارکان نے اس سلسلہ میں شمیم آغا سے بھی استفسار کیا۔ ارکان کا کہنا تھا کہ خاتون رکن کو کانگریس کا کارڈ تقسیم کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ اگر نیا کارڈ نہیں ہے تو خاموشی اختیار کی جاسکتی تھی۔