حج کمیٹی میں نئے شیعہ رکن کو شامل کرنے حکومت کا فیصلہ

حیدرآباد۔30۔ جنوری (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ حج کمیٹی میں موجودہ شیعہ رکن کی جگہ نئے رکن کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کو تجویز روانہ کی گئی ہے۔ 20 جنوری کو جی او آر ٹی نمبر 21 کے ذریعہ 21 رکنی حج کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ۔ حج ایکٹ کے مطابق کمیٹی میں ایک شیعہ رکن کی شمولیت لازمی ہے۔ اس سلسلہ میں توجہ دہانی کے بعد حکومت نے شیعہ فرقہ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن شمیم آغا کو بحیثیت رکن شامل کیا اور 23 جنوری کو احکامات جاری کئے گئے۔ شمیم آغا نے کمیٹی میں شمولیت کے باوجود کانگریس سے اپنی وابستگی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے ملاقات کرکے وضاحت کی کہ وہ کانگریس میں برقرار رہیں گی اور اگر حکومت چاہے تو ان کی جگہ کسی اور کو رکن نامزد کرسکتی ہے۔ حکومت نے شمیم آغا کی جگہ شیعہ فرقہ کے کسی اور فرد کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکنیت سے شمیم آغا کے استعفیٰ کی پیشکشی کے بعد نئے رکن کو نامزد کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں فائل محکمہ اقلیتی بہبود میں زیر دوران ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایک رکن کے استعفیٰ کے بعد ہی ان کی جگہ دوسرے رکن کو نامزد کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شمیم آغا نے استعفیٰ پیش کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد حج کمیٹی میں شیعہ فرقہ کے دوسرے رکن کو نامزد کیا جائے گا۔