حج پالیسی کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل : مختار عباس نقوی

نئی دہلی۔8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حج پالیسی میں بہتری کے لیے مختلف امکانات کا جائزہ لینے کے مقصد سے 6 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو توقع ہے کہ 2 تا 3 ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ حج پالیسی کو زیادہ بہتر بنانے اور 2012ء میں سپریم کورٹ کے عازمین حج کو سبسیڈی سے متعلق سنائے گئے فیصلے کے پس منظر میں مختلف امور کا جائزہ لینے کے مقصد سے یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ آج وقفہ سوالات کے دوران وزیر اقلیتی امور نے لوک سبھا کو بتایا کہ یہ کمیٹی دو تا تین ماہ میں رپورٹ پیش کردے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ سبسیڈی کے بغیر کیا عازمین حج کم خرچ میں سفر حج کرسکتے ہیں؟ ایک اور سوال پر کہ کیا ہندوستان کے عازمین حج دیگر ممالک کے مقابل زیادہ رقم ادا کررہے ہیں؟ انہوں نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ دیگر ممالک جیسے انڈونیشیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے مقابلہ ہندوستانی عازمین حج کم رقم ادا کررہے ہیں۔ حکومت عازمین حج کو انفرادی طور پر راست کوئی سبسیڈی نہیں دیتی لیکن ایر انڈیا کو سبسیڈی کی رقم فراہم کرتی ہے۔