عازمین حج کے لیے موثر انتظامات
اقلیتی بہبود اور جی ایم آر عہدیداروں کا مشترکہ دورہ
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمینل میں موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے آج معائنہ کیا اور جی ایم آر کو انتظامات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم آئی پی ایس، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان، ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور حج کمیٹی ارکان نے ٹرمینل کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دورے میں جی ایم آر، سی آئی ایس ایف، ایمگریشن، کسٹمس، سعودی ایر لائنس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار شامل تھے۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو حج کیمپ کے دوران عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے موقع پر انتظامات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ گزشتہ سال وزیٹرس کی پارکنگ کے لیے جی ایم آر کی جانب سے پارکنگ فیس وصول کی گئی تھی۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے اس مرتبہ پارکنگ فیس وصول نہ کرنے کا مشورہ دیا جس سے جی ایم آر کے حکام نے اتفاق کرلیا۔ اس طرح وزیٹرس کو پارکنگ کے سلسلہ میں بڑی راحت ملے گی۔ جی ایم آر کو ٹرمینل کے باہر 1000 وزیٹرس کی گنجائش پر مشتمل واٹر پروف ٹینٹ کی تنصیب کی ہدایت دی گئی۔ ٹینٹ میں ایک ہزار کرسیاں اور پینے کے پانی کا انتظام رہے گا۔ وزیٹرس کے لیے علیحدہ نماز گاہ تعمیر کی جائے گی۔ لیڈیز اور جینٹس کے لیے 8 موبائل ٹائلٹس کا انتظام رہے گا۔ وزیٹرس ٹینٹ میں ڈسپلے بورڈ اور طیارے کی آمد و روانگی سے متعلق اعلان کی سہولت رہے گی۔ حج ٹرمینل میں گزشتہ سے بہتر انتظامات کا جی ایم آر نے تیقن دیا اور کہا کہ ٹائلٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ واپسی کے موقع پر لگیج کے مقام خصوصی شامیانہ نصب کرنے سے اتفاق کرلیا گیا۔ گزشتہ سال بارش کے سبب لگیج کو نقصان ہوا تھا۔ جی ایم آر نے کہا کہ اس مرتبہ لگیج کے مقام پر تمام احتیاطی اقدامات کیے جائیں گی۔ مرد اور خواتین حجاج کرام کے لیے نماز کا علیحدہ انتظام رہے گا اور جمعہ کے دن نماز جمعہ کا ٹینٹ میں اہتمام ہوگا۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے انتظامات کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عہدیداروں وقتاً فوقتاً انتظامات کے سلسلہ میں حج کمیٹی کو آگاہ کریں۔