حج ویٹنگ لسٹ ،درخواست گذاروں کو پاسپورٹ جمع کروانے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 6 ستمبر (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج 2014ء کے ایک ہزار تک کے ویٹنگ لسٹ درخواست گذاروں سے خواہش کی ہیکہ وہ اپنے اوریجنل پاسپورٹ کے ہمراہ ایک اقرار نامہ بھی چہارشنبہ تک دفتر حج کمیٹی میں داخل کردیں۔ حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ نمبر 800 تک کے درخواست گذاروں سے ان کے پاسپورٹ اور اقرار نامے طلب کئے تھے۔ تاحال ویٹنگ لسٹ کے تحت 714 درخواست گذاروں کی توثیق ہوچکی ہے۔ یہ نشستیں بعض عازمین کی جانب سے سفر حج کی منسوخی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ اگر آنے والے دنوں میں مزید کوئی عازمین اپنا سفر حج منسوخ کردیں تو ان کی جگہ ویٹنگ لسٹ میں سے نئے عازمین حج کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ اسی لئے حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے 801 سے لے کر ایک ہزار تک کے درخواست گذاروں کے پاسپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان تمام کو پاسپورٹ کے ساتھ ایک اقرارنامہ پربھی دستخط کرنے ہوں گے۔جن عازمین کا انتخاب ہوجائے ان کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جائے گی۔