حج والینٹرس کے نام پر بڑے پیمانے پر دھوکہ

200 افراد سے پاسپورٹ و پیسے لینے کے بعد ٹراویل مالکین لاپتہ
حیدرآباد ۔ /29 جون (سیاست نیوز) حج والینٹرس کے نام پر بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی میں ملوث المکہ ٹورس اینڈ ٹراویلس واقع بشیر باغ کے خلاف سیف آباد پولیس نے دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب مذکورہ ٹورس اینڈ ٹراویلس نے 200 افراد سے حج والینٹرس کے طور پر جاریہ سال بھیجنے فی والینٹر 10 تا 20 ہزار روپئے وصول کئے اور پاسپورٹس بھی حاصل کرلئے ۔ متاثرہ افراد المکہ ٹورس اینڈ ٹراویلس کے پروپرائیٹرس سلطان اور مظہر سے رابطہ قائم کرکے حج والینٹرس کے طور پر روانہ کرنے کا اصرار کررہے تھے ۔ ٹراویلس کے انتظامیہ نے متاثرہ افراد کو آج اپنے دفتر واقع بابو خان اسٹیٹ بشیر باغ پر طلب کیا اور ان کے پاسپورٹس اور رقومات واپس لوٹانے کا وعدہ کیا ۔ لیکن آج صبح سے ہی پروپرائیٹرس کے فون بند کردیئے گئے اور ٹورس اینڈ ٹراویلس کے دفتر کو بھی مقفل کردیا گیا ۔ تشویش کا شکار متاثرین نے سیف آباد پولیس سے شکایت درج کروائی اور اس سلسلے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ سیف آباد کے سب انسپکٹر و تحقیقاتی عہدیدار ڈی راجہ ریڈی نے بتایا کہ مظہر اور سلطان کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ مدھیہ پردیش اندور میں بھی کسی قسم کی دھوکہ دہی کی گئی اور وہاں کے متاثر افراد نے بھی متعلقہ پولیس سے شکایت درج کروائی ہے ۔