ویٹنگ لسٹ کے عازمین کم از کم 81 ہزار روپئے ادا کردیں ، جناب محمد مسیح اللہ خاں اور پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : جناب محمد مسیح اللہ خاں صدر نشین اور پروفیسر ایس اے شکور ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا ہے کہ حج 2018 کے مصارف کی دوسری قسط کی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 مئی 2018 مقرر کی گئی تھی ، تاہم ماہ رمضان کے پیش نظر اس تاریخ میں توسیع کے لیے نمائندگی کی گئی جس سے اتفاق کرتے ہوئے مرکزی حج کمیٹی نے تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اب آخری تاریخ 5 جون مقرر کی ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے عازمین نے حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر پہلے ہی فی کس 81,000 روپئے کی رقم جمع کروائی ہے اور اب ان کو دوسری قسط میں قربانی کی رقم کے ساتھ گرین زمرہ کے تحت فی کس 1,74,750 روپئے اور عزیزیہ زمرہ میں فی کس 1,40,600 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین گرین زمرہ میں قربانی کے بغیر 1,66,750 روپئے اور عزیزیہ زمرہ میں 1,32,600 روپئے ادا کریں ۔ رباط میں رہائش کے لیے منتخب عازمین قربانی کے ساتھ 95,550 روپئے اور قربانی کے بغیر 87,550 روپئے ادا کریں ۔ شیر خوار بچوں کا کرایہ فی کس 11,750 روپئے ہے ۔ شیعہ عازمین حج کو جن کے لیے جحفہ میقات ہوگی مزید 100 سعودی ریال یعنی 1,760 روپئے زیادہ ادا کرنے ہوں گے ۔ جناب محمد مسیح اللہ خاں اور پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ جن درخواست گزاروں کا ویٹنگ لسٹ کے تحت انتخاب عمل میں آیا ہے وہ پہلے کم از کم 81,000 روپئے ادا کردیں تاکہ ان کی نشست کی توثیق ہوجائے ۔ عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج مصارف کی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاونٹ نمبر "FeeType25” 32175020010 میں یا پھر یونین بینک آف انڈیا کے اکاونٹ نمبر 318702010406009 میں یا راست آن لائن hajcommitte.gov.in میں جمع کروائیں ۔۔