حج سیزن 2014 انتظامات کو قطعیت دینے آج محکمہ جاتی اجلاس

تلنگانہ اور آندھراپردیش کے سکریٹریز و کمشنرس اقلیتی بہبود کی شرکت ، جناب محمد محمود علی صدارت کریں گے
حیدرآباد۔/29اگسٹ،( سیاست نیوز) حج سیزن 2014 کے انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے کل 30اگسٹ کو محکمہ جاتی مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ حج ہاوز نامپلی میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کی صدارت ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کریں گے۔ اس اجلاس میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے سکریٹریز اقلیتی بہبود کے علاوہ کمشنرس اقلیتی بہبود شرکت کریں گے۔ چونکہ حج کمیٹی کے ذریعہ دونوں ریاستوں کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہورہے ہیں لہذا محکمہ جاتی اجلاس میں دونوں ریاستوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں 20 مختلف محکمہ جات اور متعلقہ اداروں کے عہدیدار شرکت کریں گے جس میں حج ہاوز میں منعقد ہونے والے حج کیمپ اور شمس آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ پر حج ٹرمنل کے انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔ ہر سال حج سیزن کے آغاز سے قبل حکومت کی سطح پر محکمہ جاتی مشاورتی اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں جی ایم آر، سعودی ایر لائنز، کسٹمس، ایمیگریشن، سی آئی ایس ایف، پولیس، آر ٹی سی، ٹریفک، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، واٹر ورکس، برقی، فائر سرویسس، میڈیکل اینڈ ہیلت اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اس اجلاس میں ہر محکمہ کو اس کی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی اور عازمین حج کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں زیر غور آنے والے مسائل کے سلسلہ میں حج کمیٹی نے ایجنڈہ تیار کیا کرلیا ہے جسے دونوں ریاستوں کے محکمہ اقلیتی بہبود کی منظوری حاصل ہے۔ اجلاس میں سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے نامزد کردہ کوآرڈینیٹر کی شرکت بھی متوقع ہے۔ حج ہاوز میں 12 ستمبر سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا اور 14ستمبر سے پروازیں شروع ہوں گی۔ حج ہاوز میں سعودی ایر لائنز، کسٹمس اور ایمیگریشن کے عہدیدار تمام ضروری اُمور کی تکمیل کرلیں گے اور عازمین کو سیدھے شمس آباد انٹرنیشنل ایر پورٹ پہنچایا جائے گا۔ حج ہاوز کے اطراف صحت و صفائی کے انتظامات، ٹریفک کے بہتر بہاؤ کو یقینی بنانے ٹریفک پولیس کی چوکسی اور برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ عازمین حج کی بسوں کو مقررہ وقت پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچانے کیلئے پولیس کی جانب سے پائیلٹ گاڑی فراہم کرنے کی تجویز ہے جو شہر کی ٹریفک سے عازمین کی بسوں کو باآسانی گذار کر وقت مقررہ ایر پورٹ پہنچا سکے۔ حج ٹرمنل میں سامان کی منتقلی کیلئے جی ایم آر حکام کی جانب سے بیلٹ کی سہولت فراہم کرنے اور ٹرمنل کو مکمل ایر کنڈیشنڈ کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔ ایر پورٹ پہنچنے والے عازمین کے رشتہ داروں اور متعلقین کو بارش یا دھوپ سے بچاؤ کیلئے خصوصی شامیانے نصب کرنے کی تجویز ہے۔ حج ہاوز میں بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے دو خصوصی جنریٹرس تیار رکھے جائیں گے۔ کیمپ سے قبل حج ہاوز کی صفائی اور قیام سے متعلق کمروں میں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کے کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ بہت جلد حیدرآباد اور اضلاع میں منعقد کئے جائیں گے۔ چینائی سے ٹیکہ اندازی کی ویاکسن حیدرآباد پہنچ چکی ہے۔