ریاض ۔ /27 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے اعلیٰ ترین قائد آیت اللہ علی خامنہ ای نے سعودی عرب سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔ کیونکہ حج کے دوران بھگدڑ میں 769 حجاج کرام ہلاک ہوگئے تھے ۔ ان کے اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید شدت پیدا ہوگئی ۔ خامنہ ای نے سعودی عرب پر الزام عائد کیا کہ اس میں ’’الزام تراشی ‘‘ کا کھیل شروع کررکھا ہے ۔ سعودی عرب کے اس سانحہ کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئیے اور عالم اسلام کے سوگوار خاندانوں سے معذرت خواہی کرنی چاہئیے ۔ ایران کے سرکاری خبررساں ادارہ ارنا نے کہا کہ ایرانی قائدین سعودی عہدیداروں پر حج کے ناقص حفاظتی انتظامات کی بنا پر سخت تنقید کررہے ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں 144 ایرانی حجاج کرام بھی شامل تھے ۔ ایران کے بموجب 323 ایرانی حجاج ہنوز لاپتہ ہیں ۔ صدر ایران حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی ترقیاتی چوٹی کانفرنس سے نیویارک میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب سے معذرت خواہی چاہتے ہیں۔