حج درخواست کے ادخال کی 6 فروری آخری تاریخ

حیدرآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) حج 2017 کیلئے درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 فبروری ہے اور حیدرآباد سے ابھی تک 16544 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ جاریہ سال ریاست بھر سے درخواستوں کی تعداد 20 ہزار تک ہوسکتی ہے۔ گزشتہ سال 17 ہزار سے زائد درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے موصولہ درخواستوں میں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت 499 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے والے محفوظ زمرہ میں 2099 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ سنٹرل حج کمیٹی نے جاریہ سال کے حج پروگرام کو ری شیڈول کیا ہے اور بہت جلد ریاستی حج کمیٹیوں کو نئے پروگرام سے واقف کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے حج ہاوز میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ جاریہ سال حج کے خواہشمند افراد 28 فبروری 2018 تک کارکرد پاسپورٹ کے ساتھ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں مزید توسیع کا کوئی امکان نہیں۔