حج درخواست فارمس کے ادخال کی تاریخ میں 19 ڈسمبر تک توسیع

حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے لئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 19 ڈسمبر تک توسیع کی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا سے نمائندگی کی گئی۔ عوام کے مختلف گوشوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ 12 ڈسمبر کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے۔ کمیٹی نے 19 ڈسمبر تک توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو اس کی اطلاع دی ہے۔ ڈپٹی چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی فضل احمد صدیقی نے سرکولر جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے پاسپورٹ 19 ڈسمبر 2018 ء سے قبل جاری کردہ ہو اور ان کی میعاد 31 جنوری 2020 ء تک برقرار رہے۔ واضح رہے کہ جاریہ سیزن میں سنٹرل حج کمیٹی کو ملک بھر سے حوصلہ افزاء تعداد میں درخواستیں موصول نہیں ہوئی ہیں۔ تلنگانہ میں جہاں گزشتہ سال 17,000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئی تھیں ، اس مرتبہ یہ تعداد گھٹ کر 11,000 ہوگئی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواستوں کے آن لائین انتخاب کیلئے حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں جو روزانہ صبح 10.30 تا شام 5.00 بجے کام کریں گے۔ درخواست گزار آن لائین درخواستیں داخل کرنے کے بعد اس کی ہارڈ کاپی ضروری دستاویزات منسلک کرتے ہوئے دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں۔ اضلاع میں متعلقہ حج سوسائٹیوں کے پاس ہارڈ کاپی داخل کی جاسکتی ہے۔