حج درخواست فارمس کی آج اجرائی

وسیع انتظامات ‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی شرکت کریں گے ۔پروفیسر ایس اے شکور کابیان
حیدرآباد ۔ یکم جنوری ( پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج 2017 کے لئے 2 جنوری 2017 سے 24؍ جنوری 2017 تک حج درخواست فارم جاری اور وصول کئے جائیں گے ۔ 2 ؍ جنوری کو 11:30 بجے دن حج ہاوز نامپلی میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمو د علی حج درخواست فارم جاری کریں گے۔ وزراء ارکان پارلیمنٹ‘ ارکان اسمبلی و کونسل اور دیگر معززین شرکت کریں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اس تقریب کی صدارت کریں گے ۔ اسی دن سے اضلاع میںبھی فارم خواہش مند افراد کے حوالے کئے جائیں گے ۔ حج درخواست فارم حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.hajcommittee.gov.in کے علاوہ اینڈ رائیڈ موبائیل ایپ ”Haj Committee of India” سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ شخصی طور پر فارم داخل کرنے فارم کی فوٹو کاپی بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ درخواست فارم صرف ایک صفحہ پر مشتمل ہونگے ۔ ایک کور کے تحت پانچ بالغ افراد اور دو شیرخواروں کے نام درج کرنے کی گنجائش ہے ۔ خانہ پری کے بعد تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ دفتر حج کمیٹی میں داخل کرنے ہونگے ۔ عازمین دو زمروں گرین اور عزیزیہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایاکہ اس سال گرین زمرہ کے عازمین کو پکوان کی اجازت نہیں رہیگی ۔ حج درخواست کے ساتھ پاسپورٹ کی نقل ‘ آدھار کارڈ ‘ راشن کارڈ‘ ڈرئیورانگ ‘ وغیرہ کی نقل اور ایک عدد فوٹو داخل کی جائے ۔ حج کمیٹی کے توسط سے حج ادا کرنے کی سہولت زندگی میں صرف ایک مرتبہ ہی ہوگی ۔ پاسپورٹ ڈیجیٹل ہوں اور 24 جنوری 2017 یا اس  سے قبل کے جاری کردہ اور 28 فبروری 2018 تک کارکرد ہونے چاہیں ۔ یوم عرفہ ‘ جمعرات 31 ؍ اگسٹ کو  مقرر ہے ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے بتایا کہ اس سال بھی 70 سال یا زائد عمر کے عازمین کے علاوہ چوتھی مرتبہ کے درخواست گزاروں کے دو محفوظ زمروں کے تحت درخواست فارم داخل کئے جاسکتے ہیں ۔ محفوظ زمروں کے بعد بچ جانے والی نشستوں کیلئے مارچ کے پہلے ہفتہ میں قرعہ اندازی ہوگی ۔ حج ہاوز میں درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں ۔ فارم جاری کرنے ‘ فارم کی خانہ پری کرنے ‘ اس کی جانچ کرنے اور فارم داخل کرنے مختلف کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ درخواست گزاروں کی دستاویزات کی نقل کیلئے زیراکس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔