حج درخواست فارمس کی اجرائی اور وصولی کا سلسلہ تیزی سے جاری

حیدرآباد۔/15فبروری، ( سیاست نیوز ) حج 2014ء کیلئے توقع ہے کہ آندھرا پردیش کیلئے عازمین حج کا کوٹہ 2013ء کے کوٹہ کے برابر رہے گا کیونکہ حکومت سعودی عرب نے ہندوستانی عازمین حج کے کوٹہ میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔ اسی دوران ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے حج درخواست فارمس کی اجرائی اور وصولی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 15مارچ مقرر کی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ابھی تک 9ہزار سے زاید درخواستیں حاصل کی گئیں اور 2882 درخواستیں داخل کی گئی ہیں، ان میں 70سال سے زاید عمر کے محفوظ زمرے کے تحت 97 اور مسلسل تین مرتبہ قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم محفوظ زمرے کے تحت 222 درخواستیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2540 درخواستیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 8ایسی درخواستیں مسترد کردی گئیں جنہوں نے مسلسل دوسرے سال حج کیلئے درخواست داخل کی تھی جبکہ قواعد کے مطابق پانچ سال میں ایک مرتبہ حج کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے۔ 15درخواستوں میں خامیاں پائی گئیں، متعلقہ افراد کو طلب کرتے ہوئے ان کی یکسوئی کی جارہی ہے۔ گذشتہ سال جملہ16982 درخواست فارمس داخل کئے گئے تھے جبکہ آندھرا پردیش کا کوٹہ 7322تھا بعد میں کوٹہ میں اضافہ کے سبب جملہ 7456 عازمین حج روانہ ہوئے۔ جن میں 70سال سے زاید عمر کے 766اور مسلسل تین مرتبہ منتخب نہ ہونے والے محفوظ زمرے کے تحت 597 عازمین شامل تھے۔ حج کے دوران 10 افراد کا انتقال ہوگیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی بہت جلد اجلاس طلب کرتے ہوئے تمام ریاستوں کیلئے حج کوٹہ کو قطعیت دے گی۔