پاسپورٹ کی عاجلانہ اجرائی پر اسپیشل آفیسر کا اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ (پریس نوٹ) اسپیشل آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ریجنل پاسپورٹ آفس سکندرآباد سے نمائندگی کی ہے کہ حج 2014 ء کے لئے جن درخواست گزاروں نے پاسپورٹ کیلئے درخواستیں دی ہیں اور جن کے تعلق سے پولیس کی انکوائری مکمل ہوچکی ہے ان کو 21 مارچ تک یقینی طور پر پاسپورٹ تیار کر کے جاری کردیئے جائیں اور تیار شدہ پاسپورٹ امیدواروں کے پتہ پر ڈاک سے روانہ کرنے کے بجائے راست کاؤنٹر پر ان کے حوالے کئے جائیں تاکہ وہ بروقت حج کمیٹی میں اپنی درخواستیں داخل کرسکیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے آج دوپہر ریجنل پاسپورٹ آفس پہنچ کر اس تعلق سے نمائندگی کی جبکہ ریجنل پاسپورٹ آفیسر آج رخصت پر تھے، اس لئے انہوں نے ڈپٹی پاسپورٹ آفیسر شری ایل مدن کمار ریڈی سے ملاقات کی ۔ انہوں نے تاحال درخواست گزاروں کو ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ جاری کرنے پر حج کمیٹی کی جانب سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان پاسپورٹوں کے حصول کے باعث بے شمار درخواست گزاروں کو سہولت حاصل ہوئی اور وہ حج کیلئے اپنی درخواستیں داخل کرسکے۔ اب مرکزی حج کمیٹی نے حج کی درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں ہفتہ 22 مارچ تک توسیع کردی ہے اس لئے مزید کئی نئے افراد کو درخواستیں داخل کرنے کا موقع ملا ہے اور وہ اس موقع سے اس وقت مناسب استفادہ کرسکیں گے جب کہ ان کو پاسپورٹ حاصل ہوجائے ۔ ڈپٹی پاسپورٹ آفیسر نے اس موقع پر فوری مناسب اقدامات کا تیقن دیا اور کہا کہ جیسے ہی پاسپورٹ تیار ہوجائیں، وہ راست امیدواروں کو کاؤنٹر پر ہی حوالے کردئے جائیں گے