حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2014 ء کے انتظامات کے سلسلہ میں ریاستی حج کمیٹی نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یکم فروری تا 15 مارچ درخواستوں کی اجرائی اور وصولی کیلئے ریاست بھر میں وسیع تر انتظامات کریں۔ وزیر اقلیتی بہبود احمد اللہ یکم فروری کو عازمین حج میں درخواست فارمس کی اجرائی عمل میں لائیں گے ۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں 25 رضاکارانہ تنظیمیں حج سوسائٹیز کے نام پر عازمین حج کی رہنمائی کا کام انجام دے رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی سے آئندہ دو دن میں درخواست فارمس حج کمیٹی کو مل جائیں گے اور 30 جنوری کو تمام ضلع حج سوسائٹیز کو فارمس جاری کئے جائیں گے۔ 31 جنوری کو حج سوسائٹیز کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں عازمین حج کی رہنمائی کے سلسلہ میں مناسب ہدایات جاری کی جائیں گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ یکم فروری کو تمام اضلاع میں درخواست فارمس کی اجرائی کا آغاز ہوجائے گا ۔ 70 سال سے زائد عمر کے عازمین اور مسلسل تین مرتبہ قرعہ اندازی میں نام سے محروم عازمین حج کی درخواستیں براہ راست قبول کرلی جائیں گی ۔
ان درخواستوں کو قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا جائے گا اور ایسے تمام عازمین حج کی درخواستیں قرعہ اندازی کے بغیر قبول کرلی جائیں گی۔ ان دونوں زمروں سے تعلق رکھنے والے عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ درخواست فارمس کے ساتھ انٹرنیشنل پاسپورٹ بھی حج کمیٹی کے حوالے کردیں۔ پاسپورٹ 31 مارچ 2015 ء تک کارکرد ہونا چاہئے، اس سے کم مدت کے پاسپورٹ قبول نہیں کئے جائیں گے۔ جن عازمین حج کے پاسپورٹ کی مدت آئندہ سال 31 مارچ سے قبل ختم ہورہی ہے، انہیں چاہئے کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروالیں۔ اگر پاسپورٹ میں موجود ایڈریس تبدیل ہوچکا ہو تو عازمین موجودہ ایڈریس کو کنفرم کرنے کیلئے راشن کارڈ یا آدھار کارڈ پیش کریں۔ سال گزشتہ ریاست آندھراپردیش کے لئے 7317 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا تھا جبکہ 17018 درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ لمحہ آخر میں کوٹہ میں اضافہ کے سبب 7456 افراد نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی ۔ حج 2014 ء کیلئے ابھی تک حج کوٹہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال عازمین حج کو پہلی قسط کے طور پر 76,000 روپئے ادا کرنے تھے لیکن اس مرتبہ اسے بڑھا کر 81,000 کردیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر رقم کا تعین سنٹرل حج کمیٹی ریال کی شرح کے اعتبار سے بعد میں کرے گی۔حج کمیٹی میں موجود تمام عہدیداروں کے ذمہ مختلف کام الاٹ کئے گئے ہیں تاکہ عازمین حج کو کوئی دشواری نہ ہوں۔