حیدرآباد ۔ 23 جنوری (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے اعلان کیا ہیکہ اس سال حج 2014ء کیلئے حج درخواستیں یکم ؍ فبروری تا 15 مارچ 2014ء جاری اور قبول کی جائیں گی۔ اس سال وقوف عرفات ہفتہ 4 اکٹوبر کو مقرر ہے۔ ہندوستان سے حج فلائیٹس کا آغاز 27 اگست 2014ء سے ہوگا اور آخری فلائیٹ 29 ستمبر کو روانہ ہوگی۔ حج فلائیٹس کی واپسی کا آغاز 9 اکٹوبر سے ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی نے حج پلان برائے سال 2014ء جاری کردیا ہے، جس کے مطابق تمام درخواست گذاروں کو عام زمرہ کے تحت اپنے پاسپورٹ کی کاپی کے ساتھ درخواست داخل کرنی ہوگی۔ پاسپورٹ 31 مارچ 2015ء تک کارکرد ہونا چاہئے ورنہ درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
درخواست گزار اپنی فوٹو سفید بیک گراونڈ کے ساتھ بنوا کر درخواست فارم پر چسپاں کریں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے خواہشمند عازمین حج کو مشورہ دیا ہیکہ وہ جلد سے جلد اپنا پاسپورٹ تیار کروالیں تاکہ ان کو درخواست داخل کرنے میں سہولت ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرعہ اندازی ماہ اپریل کے وسط میں ہوگی۔ منتخب عازمین حج کو مبلغ 81,000 روپئے کی پہلی قسط ماہ مئی کے تیسرے ہفتہ تک ادا کرنی ہوگی اور پاسپورٹ مئی کے آخری ہفتہ میں داخل کئے جائیں گے۔ 10 جون تک جن منتخب عازمین کی نشست کسی وجہ سے منسوخ قرار پائے تو ان کی جگہ پر ویٹنگ لسٹ سے عازمین کے انتخاب کا عمل 12 جون سے شروع ہوگا اور ایسے عازمین کو 16 جون تک بینک کی پے ان سلپ کی کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کردینی ہوگی۔ دوسری اور آخری قسط کی رقم جو بھی حج کمیٹی طئے کرے گی وہ 20 جون تک اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں حج کمیٹی آف انڈیا کے کور بنکنگ اکاؤنٹ میں 20 جون تک ادا کردینی ہوگی۔ تمام منتخب عازمین کو ماہ جولائی میں ہی ان کی فلائیٹ کے پروگرام سے واقف کروادیا جائے گا۔ مزید تفصیلات دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد سے راست یا فون نمبر 040-23298793 پر ربط کریں۔