ممبئی 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائیکورٹ نے مرکزی حکومت کو خانگی ٹور آپریٹرس کو سفر حج کے اہتمام کے لئے نااہل قرار دینے سے باز رکھا۔ عدالت نے آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن اور دیگر دو کی درخواست کی سماعت کے دوران یہ ہدایت جاری کی۔ درخواست گذاروں نے حکومت کی جانب سے 28 اپریل کو جاری کردہ صحافتی اعلامیہ کو چیلنج کیا اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے برعکس قرار دیا تھا۔ جسٹس ایس سی گپتے اور جسٹس کے آر سری رام پر مشتمل بنچ نے کہاکہ اِس مسئلہ پر عدالت اُس وقت غور کرے گی جب سرمائی تعطیلات کے بعد عدلیہ دوبارہ شروع ہوگی اور اُس وقت تک عبوری راحت فراہم کی جارہی ہے۔