حج آفیسرس اور اسسٹنٹس کے انتخاب کیلئے حیدرآباد میں انٹرویوز کا آغاز

حج ہائوز میں امیدواروں کی طلبی، دہلی سے عہدیداروں کی ٹیم کی آمد
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) حج 2018ء کے اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹس کے انتخاب کے لیے 6 ریاستوں کے امیدواروں کے انٹرویوز آج حیدرآباد میں شروع ہوئے۔ تلنگانہ، آندھراپردیش، کرناٹک، کیرالا، تاملناڈو اور لکشادیپ کے امیدواروں کا انٹرویو 2 اپریل تک جاری رہے گا۔ روزآنہ 50 تا 60 امیدواروں کے انٹرویوز منعقد کیے جارہے ہیں۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کے ڈپٹی سکریٹری نظام الدین، انڈرسکریٹری ندیم احمد اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی ریشماں جاوید کے علاوہ دیگر دو عہدیداروں پر مشتمل ٹیم نے آج انٹرویوز کا آغاز کیا۔ حج ہائوز نامپلی میں انٹرویوز جاری ہیں اور تلنگانہ حج کمیٹی نے عہدیداروں اور امیدواروں کی سہولت کے لیے انتظامات کیے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حج اسسٹنٹس کے عہدے کے لیے 350 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں تلنگانہ کے 109 امیدوار شامل ہیں۔ جبکہ اسسٹنٹ حج آفیسرس کے عہدے کے لیے 60 افراد نے درخواست داخل کی ہے۔ دونوں عہدوں کے لیے جملہ 406 امیدواروں نے درخواست داخل کی۔ جاریہ سال اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹس کے انتخاب کے لیے ملک کے تین مراکز میں انٹرویوز کا ا ہتمام کیا جارہا ہے۔ کولکتہ، ممبئی اور حیدرآباد کو انٹرویوز کا مرکز بنایا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب حیدرآباد کو انٹرویوز کے مرکز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ امیدواروں کے انٹرویو میں حج کے دوران خدمات، عربی زبان سے واقفیت اور دیگر ضروری امور کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ انتخاب کے بعد تین ماہ کے لیے انہیں ڈپیوٹیشن پر سعودی عرب میں متعین کیا جائے گا۔ یہ عہدیدار ہندوستانی کونسلیٹ کے تحت فرائض انجام دیں گے۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان اور ایگزیکٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے مرکزی ٹیم کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور تلنگانہ حج کمیٹی کی خدمات سے واقف کرایا۔