ادارہ سیاست کے حجامہ کیمپ برائے خواتین میں 35 لیڈی ڈاکٹرس کی خدمات
حیدرآباد 24 اگسٹ (سیاست نیوز) حجامہ دراصل قدیم طریقہ علاج ہے جس سے جسم کا خراب اور ناکارہ خون نکال دیا جاتا ہے۔ اس سے کئی کہنہ امراض کا علاج اور تشخیص ہے۔ ادارہ سیاست کے زیراہتمام محبوب حسین جگر ہال میں حجامہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا جو صرف خواتین کے لئے رکھا گیا تھا۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ ماہر حجامہ کی زیرنگرانی 35 لیڈی ڈاکٹرس کی ٹیم نے آج اس کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے خواتین کا حجامہ کیا۔ اس خواتین کے حجامہ کیمپ کیلئے 330 رجسٹریشن کردہ خواتین میں دو سو سے زائد خواتین نے حجامہ کروایا۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے حجامہ کے متعلق کہاکہ یہ سنت نبوی ﷺ ہے اور حضور اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کے دور سے جاری ہے۔ یہ علاج بالتدبیر ہے۔ حجامہ کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حجامہ کے ذریعہ علاج ومعالجہ کیا جاتا ہے۔ لوگ اس طرف مائل ہورہے ہیں نہ صرف مریض بلکہ صحت مند افراد بھی حجامہ کروارہے ہیں۔ اس کیمپ کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیر یونانی نے کہاکہ ادارہ سیاست کے زیراہتمام گزشتہ 8 مہینوں سے دفتر سیاست میں مرد حضرات اور خواتین کیلئے الگ الگ حجامہ کیمپ رکھے جارہے ہیں۔ اس میں نہ صرف دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد بلکہ اضلاع سے کئی افراد استفادہ کے لئے آرہے ہیں۔ حجامہ ے متعلق ڈاکٹر غوث الدین نے کہاکہ یہ قدیم طریقہ علاج کم خرچ میں ہے اور نہ صرف ہندوستان بلکہ یوروپ، امریکہ اور سعودی عرب، مدینہ منورہ، جدہ، ریاض میں رائج ہوچکا ہے اور اس میں مزید وسعت ہورہی ہے۔ امریکہ کے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر بدر فاطمہ ہفتہ میں ایک دن حجامہ امریکہ میں رکھتے ہوئے اس کو فروغ دینے میں نمایاں رول ادا کررہے ہیں۔ ادارہ سیاست کی کاوشوں بالخصوص جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی شخصی دلچسپی شامل ہے جس کی وجہ حجامہ کیمپ کامیابی کے ساتھ منعقد ہورہا ہے۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ ماہر حجامہ کی زیرنگرانی جن لیڈی ڈاکٹرس نے اس کیمپ میں حصہ لیا اُن 35 ڈائرکٹرس میں قابل ذکر ڈاکٹر کوثر فاطمہ، ڈاکٹر ہاجرہ بیگم، ڈاکٹر رفعت بیگم، ڈاکٹر ممتاز بیگم، ڈاکٹر نصرت بیگم، ڈاکٹر ثمینہ، ڈاکٹر شاہین بانو شامل ہیں۔ پروگرام کے انعقاد میں فہیم انصاری، ایم اے حمید، ایم ایم بیگ، خالد محی الدین اسد، تبسم فاطمہ، نصرت فاطمہ نے معاونت کی۔