احاطہ سیاست میں خواتین کا حجامہ کیمپ، سینکڑوں خواتین کا استفادہ، ڈاکٹر صبا بیگ کا خطاب
حیدرآباد 20 اپریل (پریس نوٹ) ماہر حجامہ لیڈی ڈاکٹر بمبئی ڈاکٹر صبا بیگ نے کہاکہ حجامہ طریقہ علاج انتہائی قدیم طریقہ علاج ہے اور حجامہ مختلف امراض میں فائدہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ حفظ ماتقدم کے طور پر استعمال کی جانے والی تدبیر ہے۔ اُنھوں نے تمام مرد و خواتین صحت مند اور بیماریوں سے اس طریقہ علاج سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کی۔ ڈاکٹر صبا بیگ ادارہ سیاست کی جانب سے ایک روزہ مفت حجامہ کیمپ برائے خواتین میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈی نیٹر کیمپ نے ڈاکٹر صبا کا ادارہ سیاست کی جانب سے خیرمقدم کیا اور ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کے علاوہ دیگر حجامہ لیڈی ڈاکٹرس کا تعارف کروایا۔ ڈاکٹر صبا بیگ نے کہاکہ حضور ﷺ نے نہ صرف حجامہ کروایا بلکہ اپنے صحابہ کو حجامہ کروانے کا حکم بھی دیا اور فرمایا کہ حجامہ کروانے میں شفاء ہے۔ حجامہ کے ذریعہ بیشتر روحانی اور جسمانی امراض میں شفا ملتی ہے۔ چنانچہ اسی وجہ سے حجامہ کے ذریعہ علاج نہ صرف ہندوستان کی مختلف ریاستوں بلکہ سعودی عرب، امریکہ، چین اور بیشتر ممالک یہ طریقہ علاج رائج ہے اور عوام اس سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد عظیم بیگ ڈائرکٹر دہلی دواخانہ بمبئی (مہاراشٹرا) نے جو بطور خاص حجامہ کیمپ میں شرکت کے لئے ڈاکٹر صبا بیگ کے ساتھ حیدرآباد آئے اور کہاکہ وہ بمبئی میں روزنامہ سیاست کی خبریں اور سرگرمیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ہر روز دیکھتے ہیں اور حجامہ کیمپ میں شرکت کے لئے اور سیاست کی سرگرمیوں کا بغور معائنہ کرنے کے لئے حیدرآباد آئے اور سیاست اخبار کی سرگرمیوں سے کافی متاثر ہوئے۔ اُنھوں نے اس موقع پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر کی علمی، ادبی، طبی اور فلاحی سرگرمیوں کو زبردست خراج تحسین ادا کیا اور دعا کی کہ یہ کارخیر تاقیامت جاری رہے۔ حجامہ کیمپ برائے خواتین میں جملہ 340 خواتین نے حجامہ کروایا۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ ماہر حجامہ کے زیرنگرانی حجامہ ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ، ڈاکٹر ممتاز بیگم، ڈاکٹر نصرت سلطانہ، ڈاکٹر حمیدہ بتول، ڈاکٹرزہرا خالدہ، ڈاکٹر ثمیرہ رحمان، ڈاکٹر رفعت بیگم، ڈاکٹر نیلوفر انجم، ڈاکٹر امینہ مہر، ڈاکٹر مہرالنساء، ڈاکٹر عطیرہ، ڈاکٹر صبا، ڈاکٹر اسماء، ڈاکٹر عالیہ، ڈاکٹر ریشماں، ڈاکٹر ممتاز جہاں، ڈاکٹر تبسم فاطمہ، ڈاکٹر نوشین، ڈاکٹر سیدہ حنا فاطمہ، ڈاکٹر فرحت نذیر قابل ذکر ہیں۔ کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے جناب ایم این بیگ، جناب فہیم انصاری، جناب خالد محی الدین اسد، جناب رضوان اور دوسروں نے اہم رول ادا کیا۔ حکیم سید غوث الدین نے تمام مہمانوں، ڈاکٹرس کا شکریہ ادا کیا۔