حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے حجاج کرام کے 20 قافلے وطن واپس ہوگئے جس میں 5967 حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے سعودی ایر لائنز کی خصوصی پروازوں سے واپسی ہوئی ہے۔ 20 واں قافلہ آج مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور فریضہ حج کی تکمیل اور روضہ منورہ پر حاضری کی سعادت ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامات کی ستائش کی۔ 20 ویں قافلہ میں 300 حجاج کرام ہیں جن کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے۔ حج ٹرمنل میں حجاج کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی گئی تھیں اور والینٹرس نے لگیج کی منتقلی میں تعاون کیا۔ حیدرآباد سے 10 شیر خوار روانہ ہوئے تھے جن میں سے 7 کی واپسی ہوئی ہے۔ 23 ستمبر کو 2 قافلے وطن واپس ہوں گے۔ پہلا قافلہ صبح 9:45 بجے اور دوسرا شام 4 بجے حیدرآباد پہنچے گا۔ پیر 24 ستمبر کو 23 واں قافلہ دوپہر 2:45 بجے وطن واپس ہوگا۔ 24 ستمبر کو 2 اور 25 ستمبر کو آخری قافلہ کی واپسی سے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائیگا۔ آخری دو قافلوں میں تینوں ریاستوں کے حجاج کرام شامل ہوں گے۔ اسی دوران مکہ مکرمہ میں علالت کے سبب انتقال کرنے والے حاجی جناب جہانگیر علی کی تدفین جمعہ کو جنت المعلیٰ میں عمل میں آئے گی۔ نماز جنازہ حرم میں ادا کی گئی۔ ان کی اہلیہ اور دیگر دو رشتہ دار آج صبح کی ریگولر فلائیٹ سے حیدرآباد واپس ہوئے۔