حیدرآباد ۔ 20۔ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے فریضہ حج کے لئے روانہ ہوئے حجاج کرام کی وطن واپسی اختتامی مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے۔ مدینہ منورہ سے 294 حجاج کرام کا 16 واں قافلہ آج حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل پہنچ گئی جس میں حیدرآباد کے 7 حاجی تھے جبکہ باقی کا تعلق کرناٹک سے ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، صدر نشین کھادی اینڈ ولیج بورڈ یوسف زاہد اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ 16 قافلوں کے ذریعہ ابھی تک 4769 حجاج کرام وطن واپس ہوگئے ۔ شمس آباد کے خصوصی ٹرمنل پر رشتہ داروںکی کثیر تعداد موجود تھی۔ حج کمیٹی کے حکام نے حجاج کرام کے دفتری امور کی عاجلانہ تکمیل میں تعاون کیا ۔ ہر حاجی کو زم زم کا 5 لیٹر کا کیان حوالے کیا گیا۔ کل 21 ستمبر کو تین قافلے مدینہ منورہ سے وطن واپس ہوں گے ۔ پہلا قافلہ صبح 9.45 بجے ، دوسرا دوپہر 2.45 اور تیسرا شام 5.45 بجے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے گا۔