حکومت کی جانب سے ایرپورٹ پر استقبال کیلئے خصوصی انتظامات
حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا چہارشنبہ کی ابتدائی ساعتوں سے آغاز ہوجائیگا اور پہلا قافلہ مدینہ منورہ سے چہارشنبہ کی علی الصبح 3بجکر35 منٹ پر شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور عوامی نمائندے پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں حجاج کرام کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایمیگریشن، کسٹمس کے مراحل سے گذرنے کے بعد حجاج کرام ٹرمنل میں کچھ دیر توقف کرسکتے ہیں جہاں ان کیلئے نماز گاہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ مرد اور خواتین کیلئے علحدہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج ٹرمنل کے باہر وزیٹرس کیلئے بھی خصوصی شامیانہ نصب کیا گیا جہاں پینے کے پانی کی سہولت کے علاوہ ٹائیلٹس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کے لگیج کی منتقلی کیلئے والینٹرس موجود رہیں گے اور حج کمیٹی کے عہدیدار بھی رہنمائی کیلئے دستیاب رہیں گے۔ مدینہ منورہ میں پہلے قافلہ کے حجاج کرام کو ایر پورٹ منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کو ہدایت دی گئی ہے کہ قافلوں کی واپسی سے قبل حجاج کرام کی رہنمائی کریں تاکہ وہ مقررہ وزن سے زائد سامان لانے سے احتیاط کریں۔ ایر انڈیا کی 15 خصوصی پروازوں کے ذریعہ 11اکٹوبر تک حجاج کرام کی واپسی کا عمل جاری رہے گا اور 11اکٹوبر کو 9 بجے شب آخری قافلہ وطن واپس ہوگا۔ ابتدائی 5 قافلے تلنگانہ کے حجاج کرام پر مشتمل ہوں گے اس کے بعد آندھرا پردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی ہوگی۔ مدینہ منورہ میں جن خاتون حاجی کو لڑکا تولد ہوا تھا انہیں اور ساتھی 3 حجاج کو جن کی واپسی 5 اکٹوبر کو تھی 7اکٹوبر کو واپسی ہوگی۔ ایک اور خاتون حاجی جنہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا ڈاکٹرس نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا ہے۔ دیگر تمام حجاج کرام کی صحت ٹھیک ہے۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں اور حج ٹرمنل پر کوئی زحمت نہ ہو۔