محمد مسیح اللہ خاں اور پروفیسر ایس اے شکور نے استقبال کیا
شمس آباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد ایرپورٹ میں حج ٹرمنل پر حجاج کرام کے آج دو قافلوں کی آمد ہوئی ۔ تلنگانہ حج کمیٹی چیرمین محمد مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور ان سے تفصیلات حاصل کی ۔ جس پر حجاج کرام نے تلنگانہ حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں بہترین انتظامات کیے گئے اور انہیں ہر طرح سے سہولیات مہیا کی گئی ۔ محمد مسیح اللہ خاں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی جانب سے حجاج کرام کو تمام سہولیات مہیا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اور اس کی تکمیل کی گئی اور آئندہ سال سے حج ہاوز سے حج ٹرمنل تک ایرکنڈیشن بسوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ اب تک پانچ فلائٹس پہنچ چکی ہیں اور یہ سلسلہ 25 ستمبر تک چلتا رہے گا ۔ محمد مسیح اللہ خاں نے بہترین انتظامات پر شمس آباد ایرپورٹ اسٹاف ، ایرلائنس عہدیداروں ، ایمیگریشن اور کسٹمس عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا ۔ حجاج کرام کے لیے مفت پانی ، چائے کافی اور ریفرشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔ حجاج کرام کو زمزم کے کیانس تقسیم کیا گیا اور ان کے لیے نماز گاہ اور وضو خانے کا بھی بہترین انتظام کیا گیا ۔ حج کمیٹی کے انتظامات سے متاثر ہو کر حجاج کرام نے محمد مسیح اللہ خاں اور پروفیسر ایس اے شکور سے اظہار تشکر کرتے ہوئے دعائیں دی گئیں ۔ حج کمیٹی چیرمین نے تمام انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی نگرانی میں ہی حجاج کرام کو روانہ کرنے کے بعد وہ ایرپورٹ سے روانہ ہوئے ۔ اس موقع پر ایس ایم اسلم قادری ٹی آر ایس میناریٹی سیل اسٹیٹ جنرل سکریٹری کے علاوہ حج کمیٹی اراکین بھی موجود تھے ۔۔