تاحال 23 قافلے وطن واپس،دو حاجی دواخانہ میں زیر علاج
حیدرآباد ۔ 24۔ستمبر (سیاست نیوز) فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کے قافلوں کی وطن واپسی اختتامی مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے حجاج کرام کے 23 قافلے آج تک سعودی ایرلائینس کی خصوصی پروازوں سے مدینہ منورہ سے وطن واپس ہوگئے۔ 23 قافلوں میں جملہ 6809 حجاج کرام کی واپسی ہوئی ہے۔ 23 ویں قافلہ میں 249 حجاج کرام شامل تھے اور یہ پرواز مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچی۔ حج کمیٹی کے ارکان اور عہدیداروں نے حجاج کا استقبال کیا اور انہیں فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ حیدرآباد سے جملہ 10 شیرخوار روانہ ہوئے اور تمام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ ایرپورٹ کے خصوصی حج ٹرمنل میں حجاج کرام کو فی کس پانچ لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ ٹرمنل میں سرکاری امور کی تکمیل کے سلسلہ میں والینٹرس نے رہنمائی کی۔ بروز منگل 25 ستمبر کو دو قافلوں کی واپسی کے ساتھ حجاج کرام کے قافلوں کی وطن واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ 24 واں قافلہ جس میں 250 حجاج کرام ہوں گے ، صبح 9.45 بجے حیدرآباد پہنچے گا جبکہ 25 واں اور آخری قافلہ شام 4.00 بجے سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز سے حیدرآباد پہنچے گا۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کے پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ چار حجاج کرام مختلف وجوہات کے سبب سعودی عرب میں رکے ہوئے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں نفیسہ بیگم نامی خاتون حاجی ناسازیٔ مزاج کے بعد کئی دن سے کوما میں ہیں۔ مکہ کے النور ہاسپٹل میں ان کا علاج جاری ہے۔ ان کے ہمراہ حج کیلئے روانہ ہونے والے بھائی وطن واپس ہوگئے۔ دوسری خاتون حاجی صالحہ بیگم مدینہ منورہ میں زیر علاج ہیں۔ ان کی بیٹی اور بیٹا ساتھ میں رک کر علاج کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ دونوں خاتون حجاج کے بارے میں انڈین حج مشن وقتاً فوقتاً تلنگانہ حج کمیٹی کو رپورٹ پیش کر رہا ہے۔ آخری دو قافلوں میں تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام شامل ہوں گے ۔ حجاج کے قافلوں کی آمد کا 12 ستمبر کو آغاز ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سوائے ایک فلائیٹ کے دیگر تمام فلائیٹ میں حجاج کا لگیج ساتھ میں حیدرآباد پہنچا۔