3 نومبر کو آخری قافلہ کی واپسی ، 4 اور 5 نومبر کو ممبئی سے 82 حجاج خصوصی گاڑیوں سے حیدرآباد پہونچیں گے
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے حجاج کرام کا 13واں قافلہ آج رات حیدرآباد واپس ہوا۔ سعودی ایر لائنس کے طیارہ میں تکنیکی خرابی کے باعث مدینہ منورہ سے فلائیٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ 300حجاج کرام پر مشتمل اس قافلہ کا شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے استقبال کیا۔ اس قافلہ میں آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے حجاج کرام شامل ہیں۔ 13قافلوں کے ذریعہ اب تک 4378 حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی اور زیارت مدینہ منورہ کی سعادت کے بعد حیدرآباد واپس ہوچکے ہیں۔ آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد حج ٹرمنل کے باہر حجاج کے استقبال کیلئے موجود تھی۔ حج ٹرمنل میں سعودی ایر لائنس، کسٹمس، ایمیگریشن، جی ایم آر اور دیگر اداروں کے عہدیداروں نے ضروری اُمور کی تکمیل کی۔ خانگی رضاکارانہ ادارہ کے والینٹرس سامان کی منتقلی کے سلسلہ میں ٹرمنل میں حجاج سے تعاون کررہے ہیں۔ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے حجاج نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔ وزیر اقلیتی بہبود آندھراپردیش ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی توقع ہے کہ کل کے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہوئے حجاج کے مزید پانچ قافلوں کی آمد باقی ہے۔3نومبر کو آخری دو قافلے حیدرآباد پہنچیں گے جبکہ 4اور 5نومبر کو 82 حجاج کرام ممبئی واپس ہوں گے جن کا انتخاب لمحہ آخر میں ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ ہوا تھا۔ حج کمیٹی نے ان کی حیدرآباد واپسی کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے۔