حجاج کرام کے ایرپورٹ یوزر چارجس میں پچاس فیصد رعایت کی رقم منظور

7784 حجاج کو 75 لاکھ کی رقم حکومت ادا کرے گی ، چیف منسٹر کا نئے سال کا تحفہ
روزنامہ سیاست کی خبر کا اثر
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے تین ماہ بعد آخرکار نئے سال کے تحفہ کے طور پر ریاستی حج کمیٹی کے حجاج کرام کے ایرپورٹ یوزر چارجس میں 50 فیصد رعایت کی رقم کو منظوری دیدی ہے۔ چیف منسٹر نے 25 ستمبر کو حج ہاؤز میں پہلے قافلہ کی روانگی کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ایرپورٹ یوزر چارجس میں 50 فیصد رعایت کے سلسلہ میں وہ جی ایم آر حکام کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ اگر جی ایم آر کمپنی رعایت کی فراہمی سے انکار کرے تو 50 فیصد سبسیڈی کی مساوی رقم ریاستی حکومت برداشت کرے گی ۔ چیف منسٹر کے اعلان کے تین ماہ گزرنے کے باوجود وعدہ پر عمل آوری نہیں کی گئی تھی جس پر 19 ڈسمبر 2013 ء کو روزنامہ سیاست نے اس سلسلہ میں رپورٹ شائع کی ۔ سیاست میں خبر کی اشاعت کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے دفتر کو مختلف گوشوں سے توجہ دلائی گئی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کرن کمار ریڈی نے فوری طور پر اس سلسلہ میں فائل طلب کرتے ہوئے یوزر ڈیولپمنٹ فیس میں 50 فیصد رعایت سے متعلق رقم کی منظوری کا فیصلہ کیا۔ یہ فائل چیف منسٹر کے دفتر سے محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ کی گئی ہے اور توقع ہے کہ بہت جلد محکمہ فینانس اس سلسلہ میں رقم جاری کردے گا۔ اس طرح سیاست میں شائع شدہ خبر کے زیر اثر حکومت نے فوری کارروائی کی ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی حج کمیٹی کے عازمین حج کا پہلا قافلہ 25 ستمبر کو روانہ ہوا تھا۔

فریضہ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کی واپسی بھی مکمل ہوگئی لیکن چیف منسٹر کا وعدہ مکمل نہ ہوسکا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے یوزر ڈیولپمنٹ میں فیس 50 فیصد رعایت کے سلسلہ میں جی ایم آر کو مکتوب روانہ کیا لیکن کمپنی نے معاشی بحران کے باعث رعایت دینے سے معذوری ظاہر کی۔ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے حکومت کو توجہ دلاتے ہوئے دو مرتبہ مکتوب روانہ کیا گیا ۔ آخری مکتوب 9 ڈسمبر 2013 کو روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے وعدے کی عدم تکمیل کے بارے میں توجہ دلائی گئی تھی۔ 2008 ء سے حج کمیٹی کے عازمین حج کو روانگی کے وقت ایرپورٹ پر یوزر ڈیولپمنٹ فیس 50 فیصد رعایت کا آغاز کیا گیا ۔

2012 ء تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ تاہم بحران کے باعث 2013 ء میں جی ایم آر کمپنی نے مکمل یو ڈی ایف وصول کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہر عازم سے فی کس 1910 روپئے وصول کئے جاتے ہیں ۔ حج 2013 کیلئے بھی تمام عازمین سے مکمل فیس وصول کی گئی۔ اب جبکہ چیف منسٹر نے 50 فیصد رعایت کی مساوی رقم حکومت کی جانب سے جاری کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ لہذا حج کی سعادت سے واپس ہونے والے حجاج کرام کو فی کس 955 روپئے واپس کئے جائیں گے جو کہ ان کے اکاؤنٹس میں حج کمیٹی کی جانب سے راست طور پر جمع کردیئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد یہ فائل محکمہ فینانس کو روانہ کی جائے گی جہاں سے توقع ہے کہ 7784 حجاج کرام کیلئے تقریباً 75 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ محکمہ فینانس کس قدر جلد یہ رقم جاری کرے گا۔ حج 2014 ء کے عازمین کیلئے بھی اسی طرح کی سہولت کی فراہمی کیلئے حج کمیٹی اور محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں کو ابھی سے مساعی کرنی چاہئے ۔