حجاج کرام کی کل سے واپسی : ایر پورٹ پر موثر انتظامات

نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی‘ صدر نشین و اسپیشل آفیسر حج کمیٹی حج ٹرمنل میں استقبال کریں گے
حیدرآباد10 ستمبر ( پریس نوٹ ) حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ 12ستمبر کی شب سے شروع ہورہا ہے ۔ اس ضمن میں راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ کے حج ٹرمنل پرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے تمام متعلقہ محکموں کے تعاون و اشتراک سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان ‘ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور ‘ارکان حج کمیٹی اعلیٰ عہدیدار اور عوامی قائدین ایر پورٹ کے حج ٹرمنل پر پہلے قافلہ کے حجاج کرام کا استقبال کریں گے‘ جو 12ستمبر کو رات 7:55 بجے شب راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ پر اترے گا۔دوسرا قافلہ اسی رات 8:45 بجے اور تیسرا قافلہ 11:55 بجے شب پہنچے گا۔ حجاج کرام کی واپسی کے سلسلہ میں حج ٹرمنل پر موثر اور اطمینان بخش انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹرمنل کے لگیج ایریا میں حجاج کے سامان کی منتقلی اور حوالگی کے لئے مناسب بندوبست کیا گیا ہے ۔ کسٹمس کلیرنس اور امیگریشن کے دوران حجاج کو سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ حجا ج کرام کی فلائٹس کی آمد کے موقع پر ٹرمنل کے اندر اور باہر ڈسپلے بورڈ کام کرے گا۔ حجاج کرام کے لئے ٹرمنل کے اندر اور وزیٹرز کے لئے ٹرمنل کے باہر وضو خانے‘ ٹائیلٹس‘ اور نماز گاہیں بنائی گئی ہیں ‘ ٹرمنل میں حج کمیٹی کے دفتر کیلئے بھی مناسب جگہ فراہم کی گئی ہے۔ طیاروں کی آمد کے موقع پر ‘ پرنسس اسریٰ پاسپٹل کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو متعین کیاجارہا ہے ۔موسم برسات کے پیش نظر وزیٹرز کے لئے باہری حصہ میں ایک ہزار افراد کی گنجائش والے واٹر پروف شیڈ کو نصب کیا گیا ہے اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی ایر پورٹ پر پہلی فلائٹ کی آمد کے موقع پر حجاج کرام کو زم زم کے کیان کی حوالگی کا بھی افتتاح کریں گے۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 7347 حج پر روانہ ہوئے۔‘جن میں تلنگانہ کے 4453 ‘ آندھرا پردیش کے1711 اور کرناٹک کے 1183 حجاج شامل ہیں ۔ 25ستمبر کی شام تک 25فلائیٹس کے ذریعہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے تمام حجاج کرام وطن واپس ہوجائیں گے۔ اس دوران مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ جو حجاج کرام مدینہ منورہ میں مقیم ہیں ان کو واپسی کے پروگرام سے واقف کروادیا گیا ہے اور وہ واپسی کے سفر کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔