حجاج کرام کی واپسی کے لئے ایر پورٹ کے حج ٹرمنل پر موثر انتظامات

جناب محمد مسیح اللہ خان اور پروفیسر ایس اے شکور کا جائزہ ، 12ستمبرسے قافلوں کی واپسی
حیدرآباد 6 ستمبر ( پریس نوٹ ) حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے حجاج کرام کی واپسی کے سلسلہ میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج ٹرمنل راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ پرموثر اور بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ حجاج کرام کی واپسی 12ستمبر سے شروع ہورہی ہے۔ آج سہ پہر صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان ‘ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور اور ارکان حج کمیٹی نے حج ٹرمنل کا دورہ کرتے ہوئے حجاج کرام کی واپسی کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر جی ایم آر ایر پورٹ‘ بی سی اے ایس‘ سعودی عربین ایر لائنز‘ کسٹمس ‘ امیگریشن اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ اس دورہ کے موقعہ پر اس بات کو یقینی بنایا گیاکہ سابق کے مقابلہ میں اس سال حجاج کرام کی واپسی کے موقعہ پر بہترین اور نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے ‘ لگیج ایریا میں حجاج کے سامان کی منتقلی اور حجاج کو حوالگی کے لئے موثر بندوبست کیا جائے گا۔ کسٹمس کلیرنس اور امیگریشن کے دوران حجاج کو سہولت فراہم کی جائے گی ۔ حجا ج کرام کی فلائٹس کے موقعہ پر ٹرمنل کے اندر اور باہر ڈسپلے بورڈ نصب کیا جائے گا‘ حجاج کرام کے لئے ٹرمنل کے اندر اور وزیٹرز کے لئے ٹرمنل کے باہر وضو خانے‘ ٹائیلٹس‘ اور نماز گاہیں بنائی جائیں گی‘ حج کمیٹی کے دفتر کیلئے مناسب جگہ فراہم کی جائے گی۔‘ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو متعین کیاجارہا ہے ۔موسم برسات کے پیش نظر وزیٹرز کے لئے بیرونی واٹر پروف شیڈ اور کرسیوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کے 300 حجاج کرام کا پہلا قافلہ سعودی عربین ایر لائینز کی فلائیٹ سے 12ستمبر کو دن میںمدینہ منورہ کے ایر پورٹ سے حیدرآباد کے لئے پرواز کرے گا اور شیڈول کے مطابق رات کو راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ کے حج ٹرمنل پر اترے گا۔ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی 12ستمبر کو حجاج کرام کے لگاتار تین قافلے یکے بعد دیگرے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ 12 تا 25 ستمبر تک جملہ25 فلائیٹس کے ذریعہ تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور کرناٹک کے وہ تمام حجاج کرام جو حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے وہ وطن واپس ہوجائیں گے۔حج ٹرمنل کے دورہ کے موقعہ پر ارکان حج کمیٹی جناب ابو طلحہٰ امجد‘ جناب محمد عارف الدین‘ ڈاکٹر عقیل ہاشمی اور جناب محمد سراج الدین اسسٹنٹ سکریٹری جناب عرفان شریف‘ سعودی عربین ایر لائنز کے عہدیدار پریم کمار ‘ محمد مشتاق کے علاوہ ایر انڈیا سیٹس کے مسٹر راج مہامیا‘ مسٹر روی کمار ‘ جیٹ ایر ویز کے مسٹر محمد جاوید‘ امیگریشن عہدیدار مسٹر پرشوتم ‘ کسٹمس کے مسٹر ساجد غوری وار مسٹر رضوان الحسن ‘ سی آئی ایس ایف کے مسٹر پون کمار ‘ جی ایم آ رر کھشک اور مسٹر گوپال سکیوریٹی آفیسر مسٹر بھرت کامدار ‘مسٹر شیخاوت اور مسٹر راجیندر اور دوسرے موجود تھے۔