حجاج کرام کی طواف وداع کے ساتھ واپسی کا آغاز

مکۃ المکرمہ ۔ 7 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر سے جمع لاکھوں مسلمانوں نے بحسن و خوبی فریضہ حج ادا کیا اور طواف وداع کے ساتھ ہی ان کی متعلقہ ممالک کو واپسی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ جاریہ سال 2,085,238 حجاج کرام کو حج اکبر کی سعادت نصیب ہوئی، ان میں 163 ممالک کے 1,389,053 حجاج کرام شامل ہیں۔ ہندوستانی 136,020 حجاج کو بھی یہ سعادت حاصل ہوئی ہے۔ وقوف عرفات کے بعد حاجیوں نے مزدلفہ میں قیام کیا اور پھر دوسرے دن صبح طلوع آفتاب کے ساتھ ہی رمی جمرات کے لئے نکل پڑے۔ بعد ازاں انہوں نے قربانی کی ، بال کٹائے، طواف زیارت کے بعد واپس منیٰ میں قیام کیا۔ دو دن کے اس قیام کے دوران حجاج کرام نے رمی جمرات میں حصہ لیا ۔

جاریہ سال حج کسی ناخواشگوار واقعہ کے بغیر اختتام پذیر ہوا۔ خلیجی ممالک میں وبائی مرض میرس کے علاوہ افریقہ میں تیزی سے پھیل رہے ایبولا کے پیش نظر حکام نے سخت احتیاطی اقدامات کئے تھے۔ حجاج کرام کی اس قدر کثیر تعداد کے باوجود ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ حج کے اختتام کے ساتھ ہی منیٰ سے واپسی کا روح پرور نظارہ دیکھنے میں آیا جہاں انسانی سروں کا سمندر تھا۔ حجاج کرام اس اہم ترین فریضہ کی تکمیل کے بعد خوشی و مسرت کے ملے جلے جذبات کے ساتھ اپنے اپنے مقامات کو واپس ہورہے تھے۔

کئی حجاج کرام نے حج کے اختتام کے ساتھ ہی طواف وداع کیا اور اپنے مقامات کو واپس ہونے کی تیاری شروع کردی۔ کئی ہندوستانی حجاج کرام کو مدینہ منورہ لیجانے کا انتظام کیا جارہا ہے جہاں تقریباً 8 دن قیام کے بعد ان کی اپنے ملک واپسی شروع ہوگی۔ اس طرح ہندوستانی حجاج کرام کا پہلا قافلہ 9 اکتوبر کو جدہ سے کولکتہ واپس ہوگا۔ اس قافلہ میں 235 حجاج کرام شامل ہیں۔ طئے شدہ شیڈول کے مطابق آخری پرواز 10 نومبر کو ہوگی۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے ہندوستانی حج مشن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ جاریہ سال کوئی حادثہ نہیں پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب نے انتظامات میں ہماری غیر معمولی معاونت کی ۔ حج کے انتظام و انصرام میں حکومت سعودی عرب کی غیر معمولی کاوشوں کا بھی دخل رہا۔ سعودی حکام نے کل یہ اعلان کیا کہ حج 2014 ء ہر لحاظ سے بے انتہا کامیاب رہا۔ تقریباً 20 لاکھ حجاج کرام نے بحسن و خوبی یہ فریضہ انجام دیا ہے۔