صرف دو حجاج کرام ہاسپٹل میں زیر علاج : پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے تمام حجاج کرام کے علاوہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جو عازمین سعودی عربیہ روانہ ہوئے تھے وہ تمام فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد اب مکہ مکرمہ میں خیریت سے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں کرین کے ٹوٹ کر گرنے کے حادثہ اور منیٰ میں پیش آئے بھگدڑ کے واقعہ میں دونوں ریاستوں کے حجاج کرام کا زیادہ نقصان نہیں ہوا ۔ تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں ، جو 21 حجاج کرام منیٰ حادثہ کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے ان تمام کا پتہ چل گیا ہے اور وہ بھی خیریت سے ہیں ۔ مکہ مکرمہ میں اب تلنگانہ کے صرف دو حاجی صاحبان ہی دواخانہ میں شریک اور زیر علاج ہیں ۔ باقی تمام حاجی صاحبان اب شہر نبی مدینہ منورہ جانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں ، اور 4 اکٹوبر کی صبح سے ان کی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔ جہاں قیام کے بعد 14 اکٹوبر سے وطن واپسی عمل میں آئے گی ۔ مدینہ منورہ سے حجاج کرام کا پہلا قافلہ 14 اکٹوبر کو حیدرآباد واپس ہوگا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 5451 عازمین کی روانگی عمل میں آئی تھی ۔ جن میں 2828 مرد اور 2623 خاتون عازمین اور 7 بچے شامل ہیں ۔ ان عازمین کی مدد اور رہنمائی کے لیے 18 خادم الحجاج بھی ان کے ساتھ ہی مکہ معظمہ روانہ ہوئے تھے ۔ عازمین میں تلنگانہ سے 2963 ، آندھرا پردیش سے 1819 اور کرناٹک سے 654 عازمین ایر انڈیا کی چارٹرڈ حج فلائٹس کے ذریعہ حج ٹرمنل سے براہ جدہ مکہ معظمہ روانہ ہوئے ۔ جب کہ 15 عازمین کی ایر انڈیا کی ریگولر فلائٹ کے ذریعہ انٹرنیشنل ٹرمنل سے روانگی عمل میں آئی ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ حج کمیٹی کی جانب سے تمام حجاج کرام کو انٹرنیشنل سم کارڈ دئیے گئے جس کے باعث حجاج کرام کا راست اپنے عزیزوں سے ربط رہا اور ان کو لمحہ بہ لمحہ تمام حالات سے آگہی حاصل ہوتی رہی اور ان کے رشتہ دار اپنے اپنے حجاج کرام کی خیریت سے واقف ہوتے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مرتبہ قربانی کا مرکزی طور پر اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ انتظام کئے جانے کی وجہ سے حجاج کرام کو قربانی کے معاملہ میں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ان کو اس معاملہ میں دوڑ دھوپ بھی نہیں کرنی پڑی ۔ اتوار سے حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچنا شروع ہوجائیں گے ۔ وہاں پر مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے ان کے طعام کا انتظام کیا گیا ہے ۔۔