دفتر سیاست میں نعتیہ مشاعرہ ، مفتی صادق محی الدین فہیم کا خطاب ، شعراء کرام کا کلام
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( دکن نیوز ) : روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی شان میں نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست عابڈز کیا گیا جس میں عاشقان رسولؐ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی نگرانی میں منعقدہ نعتیہ مشاعرہ کا آغاز قاری طیب پاشاہ قادری کی قرات کلام پاک اور خان اطہر کے حمدیہ کلام سے ہوا ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم ، پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی تلنگانہ نے شرکت کیا ۔ جناب خان اطہر نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ گذشتہ سال بھی نعتیہ محفل منعقد ہوئی تھی ۔ ہر سال اس سلسلہ کو جاری و ساری جناب زاہد علی خاں کی نگرانی میں کیا جاتا رہے گا ۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے نعتیہ اشعار سنانے سے قبل اپنے ایمان افروز خطاب میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حب رسولؐ کو اپنے سینوں میں جاں گزیں کرلے اس لیے کہ محبت نبیؐ کا ایک حصہ ہے اور اسی کے ذریعہ ایمان میں حلاوت و چاشنی پیدا ہوتی ہے ۔ قرآن نے خود رسول کریمؐ کی خوب ثناء کی ہے یہاں تک کہ آپؐ کے قدم پاک اور روئے انور کی تعریف بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ قرآن کا عملی نمونہ تھے ۔ وہ شعراء مبارکباد کے مستحق ہیں جو نعت کو اپنا مقصد بنایا اور اپنے اشعار کے ذریعہ قلوب کو گرمانے کا کام کررہے ہیں ۔ خان اطہر نے مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم ، ڈاکٹر ایس اے شکور کی گلپوشی کی ۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے یہ بھی کہا کہ آپؐ کی شان میں نعت کا سننا و لکھنا عبادت ہے اور یہ موضوع بڑا نازک ہوا کرتا ہے ۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم کے نعتیہ شعر پر خوب داد تحسین پیش کیا گیا ۔ڈاکٹر فاروق شکیل ، جلال عارف ، صوفی سلطان شطاری ، آغا سروش ، کامل حیدرآبادی ، جگجیون لعل آستھانہ نے بھی سامعین سے داد حاصل کیا ۔ یوسف روش ، شفیع اقبال ، فرید سحر ، فاروق عارفی ، سمیع اللہ حسینی سمیع ، اشفاق آصفی ، طیب پاشاہ قادری ، سردار اثر ، شاہد عدیلی ، اکبر خاں ، ظفر فاروقی ، شکیل حیدر ، شاہ نواز ہاشمی ، انجی کمار گوئیل نے نعتیہ کلام سنایا ۔ اشفاق اصفی نے متاثر کن نظامت کی اور مختلف شعراء کے نعتیہ کلام سنا کر شعراء کو کلام سنانے کی دعوت دی ۔ ڈاکٹر فاروق شکیل نے شرکاء اور بالخصوص جناب زاہد علی خاں سے اظہار تشکر کیا ۔۔