حاملہ خواتین ، ماؤں اور بچوں کی خدمات کے لیے ہیلپ لائن کا افتتاح

سکریٹریٹ میں تقریب ، وزیر ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر ٹی ناگیشور راؤ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر ٹی ناگیشور راؤ نے حاملہ خواتین ، ماؤں اور اندرون 6 سال بچوں کو آنگن واڑی سنٹرس سے موثر خدمات فراہم کرنے کے لیے 155209 ہیلپ لائن کا افتتاح کیا ۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر آنگن واڑی سنٹرس کے ذریعہ ماں اور بچوں کی خدمات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ غریب عوام کی خدمات کے لیے 35000 آنگن واڑی سنٹرس چلائے جارہے ہیں ۔ آنگن واڑی ٹیچرس کی تنخواہیں 15 ہزار روپئے کردی گئی ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تعاون بند کردینے کے باوجود چیف منسٹر کے سی آر اس کی ذمہ داری خود قبول کرتے ہوئے تمام مصارف ریاستی حکومت کی جانب سے برداشت کئے جارہے ہیں ۔ گذشتہ 4 سال کے دوران بچوں کے اموات کی شرح بڑی حد تک گھٹ گئی ہے ۔ ہیلپ لائن کا افتتاح کرنے والے وزیر ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر نے ٹول فری نمبر کے ذریعہ سنگارینی میں واقع آنگن واڑی سنٹر سے بھی رابطہ پیدا کیا اور ایک کتاب کی بھی رسم اجرائی انجام دی ۔ اس موقع پر محکمہ ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر کے سکریٹری جگدیشور ڈائرکٹر وجیندر بوٹی ریجنل آرگنائزرس کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔۔