سڑک پر ہی لڑکی کو جنم دیا، ایمبولینس عدم دستیاب
کاتنی ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع کاتنی میں ایک حاملہ خاتون کو ایمبولنس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے 20 کیلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑا اور سڑک پر ہی زچگی ہوگئی۔ اس خاتون نے جو برمانی دیہات کی ساکن ہے، لڑکی کو جنم دیا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔ برہی کمیونٹی ہیلت سنٹر سے ایمبولنس نہ پہنچنے کی وجہ سے اس خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ 20 کیلو میٹر کا سفر پیدل طئے کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ اسے تکلیف بڑھ گئی تھی۔ ارکان خاندان نے بتایا کہ ایمبولینس کیلئے کمیونٹی ہیلت سنٹر سے ربط قائم کیا گیا لیکن ایمبولینس نہیں پہنچی۔ یہ خاتون برہی ٹاؤن پہنچ گئی لیکن سڑک پر ایک پولیس اسٹیشن کے قریب بچی کو جنم دیا۔ ارکان خاندان نے بتایا کہ لڑکی زمین پر گرنے کی وجہ سے وہیں ہلاک ہوگئی۔ چیف میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر اشوک اودھیا نے بتایا کہ نومولود کے بچنے کا امکان کم تھا کیونکہ یہ زچگی قبل از وقت ہوئی تھی ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ایمبولینس کیوں روانہ نہیں کی گئی ، انہوں نے بتایا کہ برہی کمیونٹی ہیلت سنٹر پر یہ دستیاب نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ 108 ایمبولینس خدمات ہمارے اختیار میں نہیں ہے ۔ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔