بندرسیری باگوان(برونی)یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری آج یہاں پہنچ گئے تاکہ برونی کی اعلیٰ سطحی قیادت سے اہم مسائل جیسے تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ پر بات چیت کرسکیں ۔ برونی کے ساتھ ہندوستان کے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد کسی اعلیٰ ہندوستانی شخصیت کا یہ اولین دورہ برونی ہے۔ حامد انصاری اپنے پانچ روزہ دو ممالک کے دورہ کی پہلی منزل برونی دارالسلام پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ تھائی لینڈ جائیں گے ۔ ان کا استقبال برونی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر فینانس عبدالرحمن نے کیا ۔ ان کا دورہ برونی ولیعہد شہزادہ حاجی المہتدی باللہ اور پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے ۔ برونی حامد انصاری کے دو روزہ دورہ کا نومبر سے منتظر ہے کیونکہ انہیں انڈونیشیاء سے آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑنے کی وجہ سے وطن واپس ہونا پڑا تھا ۔ نائب صدر کے ہمراہ ان کی شریک حیات سلمی انصاری ‘ وزیر مملکت برائے داخلہ ہری بھائی پارتھی بھائی چودھری ‘ ارکان پارلیمنٹ راجیو شکلا ‘ انو آغا ‘ بھوپندر یادو اور پریم داس رائے کے علاوہ دیگر سینئر عہدیدار بھی ہیں ۔ بندرسیری باگوان میں حامدانصاری سلطان حسن البولقیہ اور ولیعہد شہزادہ مہتدی باللہ سے باہمی اور کثیر جہتی نمایاں مسائل جیسے شہری ہوابازی ‘ خلاء ‘ تجارت ‘ سرمایہ کاری ‘ ہائیڈروکاربن ‘ اطلاعات اور مواصلات پر بات چیت کریں گے ۔ ان کی ملاقات اسپیکر قانون سازکونسل حاجی محمد تائب سے بھی مقرر ہے ۔ وہ کل ایک استقبالیہ میں ہندوستانی برادری سے خطاب کریں گے اور 3فبروری کو برونی دارالسلام یونیورسٹی میں تقریر کریں گے ۔ بعدازاں تھائی لینڈ روانہ ہوجائیں گے ۔