حالیہ ہلاکتوں کا ذمہ دار عسکریت پسند اور حملہ آور فوجی ہلاک

سرینگر ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک عسکریت پسند جو سمجھا جاتا ہیکہ حالیہ متعدد ہلاکتوں اور موبائیل تنصیبات پر حملے کرنے کا ذمہ دار تھا، آج بارہمولہ میں ایک انکاونٹر کے دوران ہلاک کردیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں فوجی کی جان بھی ضائع ہوگئی۔ رفیع آباد کے علاقہ میں اس انکاونٹر کا آغاز تقریباً 7 بجے صبح ہوا تھا جبکہ فوج نے اطلاعات ملنے پر کہ عسکریت پسند اس علاقہ میں موجود ہیں، تلاش کارروائی شروع کی تھی جس کے دوران عسکریت پسندوں نے فوج پر فائرنگ کی۔ بعدازاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 9 گھنٹے جاری رہا۔ اس مقابلہ میں ایک عسکریت پسند اور ایک فوجی ہلاک ہوگئے۔ مقتول عسکریت پسند کی شناخت بحیثیت ریاض احمد ساکن برات کلاں سوپور کی گئی ہے۔ وہ مبینہ طور پر لشکر اسلام سے تعلق رکھتا تھا جو حزب المجاہدین کا ایک علحدہ شدہ گروپ ہے۔ فوج کے ترجمان نے کہا کہ وہ سوپور اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں کئی ہلاکتوں کا، زمینداروں کو دہشت زدہ کرنے اور دھمکیاں دینے، موبائیل ٹاورس اور موبائیل فرنچائز مالکوں پر حملوں میں ملوث تھا۔ مقتول عسکریت پسند جون میں بی ایس این ایل کے فرنچائز ملازم کو ہلاک بھی کرچکا تھا۔ اس واردات میں دیگر دو ملازمین زخمی ہوئے تھے۔ ریاض عرف گوشہ گذشتہ سال حزب المجاہدین میں شامل ہوا تھا اور امتیاز کنڈو عرف ایاز اور عادل میر کے ساتھ سرگرم تھا۔ معراج حلوائی اور عادل میر نے بومائی کے سرپنچ غلام محمد بھٹ کا قتل کیا تھا اور ڈانگر پورہ امرائی میں 3 شہریوں کو ہلاک کیا تھا۔