حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے پر لائسنس کی منسوخی

حکومت تلنگانہ کی منصوبہ بندی، وزیر ٹرانسپورٹ ایم مہیندر ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/2اگسٹ، ( آئی این این ) حکومت تلنگانہ حالت نشہ میں موٹر گاڑیاں چلانے والوں کے لائسنس کو منسوخ کرنے کی تجویز رکھتی ہے۔ یہ بات مسٹر ایم مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں نیکلس روڈ پر منعقدہ ایک پروگرام میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے کے کئی منفی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد حکومت تلنگانہ نے اس تجویز کو قطعیت دے رہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے سے کئی سڑک حادثات رونما ہونے کے علاوہ سینکڑوں افراد ہلاک اور جسمانی طور پر معذور ہورہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ حالت نشہ میں گاڑیاں نہ چلائیں۔ اس ضمن میں ریاستی حکومت نے وسیع پیمانے پر شعور بیداری پروگرام کو شروع کیا ہے۔ ایم مہیندر ریڈی نے خواتین کے تحفظ سے متعلق حکومت کے لئے کئے گئے اقدامات سے بھی واقف کروایا۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے اس بات کا یقین ظاہر کیا کہ وہ شی ٹیم کے ذریعہ جو اقدامات کررہی ہے اس سے ہراسانی کے واقعات میں مزید تخفیف ہوگی۔ سکریٹری ٹرانسپورٹ سنیل شرما، ٹرانسپورٹ کمشنر سندیپ کمار سلطانیہ، جائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر وینکٹیشورلو اور رگھوناتھ کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے اس موقع پر شرکت اور مخاطب کیا۔