حالت نشہ میں ڈرائیونگ 1288 کے خلاف کارروائی

حیدرآباد ۔ /19 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے اگست کے مہینے میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1288 ڈرائیورس کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ڈرنک اینڈ ڈرائیونگ مہم کے تحت ٹریفک پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی تھی جس کے نتیجہ میں 208 افراد کو چنچل گوڑہ جیل بھیجا گیا تھا ۔ جبکہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورس کو عدالت میں پیش کئے جانے پر 35 افراد کے ڈرائیونگ لائیسنس مستقل / عارضی طور پر منسوخ کردیئے گئے اور ان پر 27.9 لاکھ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا ۔ اس کارروائی میں حالت نشہ میں پکڑے جانے والے 13 ڈرائیورس کے ڈرائیونگ لائسنس مستقل طور پر منسوخ کردیئے گئے ہیں ۔ اسی طرح گاڑی چلاتے ہوئے موبائیل فون پر بات کرنے والے 14 ڈرائیورس کو بھی دو دن کی سزاء سنائی گئی تھی ۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے ڈرائیورس جنہیں ایک دن کی بھی سزاء سنائی گئی ہو اور انہیں جیل بھیجا گیا ہو کو مستقبل میں سرکاری ملازمتیں ، پاسپورٹ کے حصول اور ویزا کلیرنس میں دشواریاں پیش آئیں گی ۔