حالت نشہ میں ڈرائیونگ کے خلاف سخت انتباہ

پیراولی پلی پولیس اسٹیشن کا افتتاح
وزیر داخلہ اے پی چناراجپا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 جولائی ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ ریاست آندھراپردیش مسٹر این چنا راجپا نے حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے کے خلاف سخت انتباہ دیا اور کہاکہ شراب نوشی کر کے ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کر کے کیسیس درج کئے جائیں گے بلکہ جیل بھی بھیج دیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ جنہوں نے پیراولی کے مقام پر 68لاکھ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کردہ پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شراب نوشی کے بعد ڈرائیونگ کرنے کی وجہ سے حادثات کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر ہی پولیس کی جانب سے جگہ جگہ ’’ ڈرنگ اینڈ ڈرائیو ‘‘ مہم چلاتے ہوئے تنقیح کے دوران پولیس حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے کے واقعات ثابت ہورہے ہیں ‘ جس پر سینکڑوں افراد کے خلاف کیسیس درج کر کے جیل روانہ کردیا جارہا ہے ۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ امن و ضبط کی برقراری کیلئے اس طرح کے واقعات ناگزیر ہیں ۔ علاوہ ازیں بائیکچلانے والوں کیلئے ہیلمیٹ پہننے کو لازمی قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ ہیلمیٹ پہننے کی وجہ سے حادثاتی اموات کے واقعات کا تدارک کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چار سال کے دوران آندھراپردیش میں جملہ 40 پولیس اسٹیشنوں کیلئے نئی عمارتیں تعمیر کروائی گئیں اور نئی عمارتوں میں تمام تر عصری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے ریاست میں جرائم کے انسداد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں جرائم کے واقعات کا تدارک کرنے کیلئے حکومت عصری ٹکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے موثر اقدامات کررہی ہے اور اس عصری ٹکنالوجی سے استفادہ کے بہت ہی اچھے و بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ بڑھتے ہوئے سیل فون استعمال کے رجحانات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوان نسل کے غلط راستہ اختیار کرنے کی ایک اہم وجہ موجودہ حالات میں سیل فون بھی ہے ۔ لہذا والدین کی ذمہ داری ہیکہ وہ اپنے بچوں کو سیل فون استعمال کرنے سے روکنے کیلئے اقدامات کریں ۔ اس موقع پر سیاسی قائدین و پولیس کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔