نئی دہلی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج اپنے تمام شہریوں کو سختی سے ہدایت دی کہ کسی بھی حالات میں یمن کا سفر نہ کریں۔ کسی بھی ذریعہ یا کسی بھی مقصد سے جنگ زدہ ملک نہ جائیں جہاں ایک ہندوستانی عیسائی راہبہ کو ہلاک کردیا گیا ہے اور حالیہ حملوں میں ایک عیسائی پادری کا اغواء کیا جاچکا ہے۔ مشورہ میں کہا گیا ہیکہ یمن کی صیانتی صورتحال ہنوز کمزور ہے۔ وزارت خارجہ نے کہاکہ حالیہ دہشت گرد حملوں کے پیش نظر جو عدن میں کئے گئے تھے، جن میں ایک ہندوستانی عیسائی راہبہ ہلاک کردی گئی اور ایک عیسائی پادری کا اغواء کرلیاگیا اس لئے ہندوستانی شہریوں کو سختی سے ہدایت دی جاتی ہیکہ کسی بھی صورت میں کسی بھی مقصد کیلئے کسی بھی ذریعہ سے یمن کا سفر نہ کریں۔ وزارت نے کہاکہ پہلے بھی سفر کے خلاف ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاچکا ہے ۔ کیرالا کے عیسائی پادری کو دولت اسلامیہ کے عسکریت پسندوں نے اس کی قیامگاہ سے اغواء کرلیا۔
تاج محل اور دیگر تاریخی مقامات
کیلئے شرح داخلہ میں اضافہ
آگرہ۔یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ آثار قدیمہ نے آگرہ سرکل میں واقع تاج محل اور دیگر تاریخی مقامات کے مشاہدہ کیلئے شرح داخلہ میں آج سے اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ گھریلو سیاحوں ( ہندوستانیوں ) کو تاج محل میں داخلے کیلئے 20روپئے کے بجائے 40 روپئے ادا کرنا ہوگا جبکہ بیرونی سیاحوں کو 750 روپئے کے بجائے 1000 روپئے ادا کرنا پڑیگا۔ قبل ازیں یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ اندرون ملک سیاحوں کیلئے 50روپئے اور بیرونی سیاحوں کیلئے 1,250 روپئے شرح داخلہ مقرر کیا جائے لیکن ٹورازم انڈسٹری اور ٹراویل ایجنٹس کی مخالفت کے بعد مرکزی وزارت سیاحت نے بالترتیب 40اور 1000 روپئے کو قطعیت دے دی ہے۔ علاوہ ازیں فتح پور سیکری، آگرہ قلعہ، اعتماد الدولہ،سکندرا اور دیگرتاریخی عمارتوں پر بھی مذکورہ تناسب سے شرح داخلہ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہر جمعہ کو تاج محل میں داخلہ بند رہتا ہے اور اس دن کیلئے بکنگ نہیں کی جاتی۔