حافظ سعید کی حراست میں توسیع

لاہور 2مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی حکومت نے ہندوستان کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی پر 2008 میں ہوئے حملوں کے اہم ملزم حافظ سعید کی حراست کی مدت تین ماہ اور بڑھا دی ہے ۔ پاکستانی حکام نے اس کی اطلاع دی ہے ۔ سعید کو پاکستان میں آزادانہ طور پر رہنے کے کئی سالوں بعد جنوری میں نظربند کیا گیا تھا۔ صوبائی پنجاب حکومت کے ایک ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا کہ علاقائی انتظامیہ نے کل سعید کے پابندیوں کو بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن اس کے بڑھانے کی وجہ واضح نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید کی حراست کی مدت اتوار کی رات ختم ہو گئی تھی اور اس کی مدت تین ماہ اور بڑھا دی گئی ہے۔یاد رہیکہ سعید کا آزاد رہنا امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں تلخی آنے کا اہم مسئلہ بن گیا تھا۔ امریکہ نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ سعید کی گرفتاری کو لے کر ایک کروڑ ڈالر کی پیشکش کی تھی۔

 

طارق فاطمی نے الزامات کو مسترد کردیا
اسلام آباد ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نواز شریف کے سابق معاون خصوصی برائے اْمور خارجہ طارق فاطمی نے ایک موقر انگریزی اخبار ’ڈان‘ میں مبینہ طور پر قومی سلامتی کے منافی شائع ہونے والی خبر سے متعلق خود پر لگنے والے تمام الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔گزشتہ ہفتے وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک ’نوٹیفیکیشن‘ کے مطابق طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جب کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے پرنسپل انفارمیشن افسر راؤ تحسین کے خلاف مروجہ محکمانہ قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا گیا۔تاہم اس ’نوٹیفیکیشن‘ میں طارق فاطمی یا راؤ تحسین پر الزامات سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا۔منگل کو منظر عام پر آنے والے ایک خط میں طارق فاطمی نے خود پر لگنے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اْنھیں مسترد کر دیا۔اْنھوں نے خط میں کہا کہ وہ پانچ دہائیوں سے پاکستان کی ’’خدمت‘‘ کرتے رہے ہیں اور اْن کے لیے ایسے ’’الزامات تکلیف کا باعث ہیں۔‘‘