حافظ سعید سے پاکستان کو سنگین خطرہ لاحق: خواجہ آصف

ملک کے وسیع تر مفاد میں جماعت الدعوہ کے سربراہ کی گرفتاری
اسلام آباد 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے جماعت الدعوہ کے سربراہ کے دہشت گردی سے روابط کا پہلی مرتبہ برسر عام اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ سعید کی گرفتاری پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے کیوں کہ وہ اس ملک کے لئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ 166 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے 2008 ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے اصل سازشی سرغنہ و منصوبہ ساز کے بارے میں خواجہ آصف نے جرمن شہر میونخ میں جاری ایک بین الاقوامی سکیوریٹی کانفرنس میں یہ ریمارکس کئے ہیں۔ روزنامہ ’دی نیشن‘ نے خبر دی ہے کہ آصف نے اتوار کو اس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہاکہ ’’سعید اس سماج کے لئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ سعید کو ملک کے وسیع تر مفاد کے تحت گرفتار کیا گیا ہے‘‘۔ انسداد دہشت گردی قانون کی چوتھی شق کے تحت 30 جنوری کو لاہور میں حافظ سعید کو اس کے گھر پر نظربند کردیا گیا تھا جس پر اس کی تنظیم اور حلیفوں نے احتجاج کیا تھا۔