حافظ بھائی، نواز بھائی دھمکی دے رہے ہیں

مودی بھائی چپ بیٹھے ہیں : کانگریس رکن کا ریمارک
نئی دہلی ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ  کام) کانگریس رکن نے آج لوک سبھا میں پاکستانی جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کی جنگ کی دھمکیوں اور چین کی کشمیر کے معاملہ میں مداخلت کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے جواب دینے کا مطالبہ کیا۔ چودھری نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے ہیں اور (جماعت الدعوہ سربراہ) حافظ بھائی اور شریف بھائی (وزیراعظم پاکستان) بھائی بھائی بن کر جنگ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں اور نریندر بھائی چپ سادھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے بھی کشمیر کے معاملہ میں مداخلت شروع کردی اور سخت لب و لہجہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’چین بھی ہمارے خلاف روکھے تیور اپنا رہا ہے اور ڈھکیل دے رہا ہے۔‘‘ چودھری نے کہا کہ کشمیر میں بدامنی پر پارلیمنٹ میں مباحث ہوئے۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے وادی کا دورہ کیا لیکن کسی کو نہیں معلوم کہ اس دورہ سے کیا حاصل ہوا۔ وزیراعظم کو جواب دینا چاہئے۔ وہ چین کے خلاف بات کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو اس مسئلہ پر پارلیمنٹ میں حکومت کا موقف واضح کرنا چاہئے۔