مسجد عثمان غنیؓ کے مصلیوں کو آمد و رفت میں مشکلات ، حکام خواب غفلت میں
حیدرآباد۔27ڈسمبر(سیاست نیوز) حافظ بابا نگر کی مرکز ی سڑک پر نالے کے سیلاب کی تعمیر کے سبب گذشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے مسجد عثمان غنیؓ کے مصلیوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ویسے کئی ماہ سے اس سیلاب کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے مگر متعلقہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ کام کافی سست رفتاری سے کیاجارہا ہے ۔ ا س سے قبل بھی ارباب مجاز کو اس جانب توجہہ دلائی گئی تو ایک یا دوروز تک کام میں تیزی لائی گئی مگر اس کے بعد تعمیر ی سرگرمیاں پھر سست ہوگئیں ۔ تعمیری کام کے لیے کھودا گیا گڑھا مسجد کی قریب کی دیوار تک پہنچ گیا ہے اور ملبہ بھی مسجد کے باب الداخلہ کے سامنے جمع ہے ۔ مصلیان مسجد کو کافی تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بالخصوص معمر مصلیاں مسجد گھر میں ہی نماز ادا کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ فی الحال مسجد کے سامنے ملبہ پڑا ہے جس کی وجہہ سے مسجد کا دروازہ کھلنا محال ہے ۔ دوسری جانب سے ایک چھوٹا راستہ ہے جہاں سے گاڑیاں گذرتی ہیں ۔ تعمیراتی کام انجام دینے والے عملے نے اس ضمن میںکوئی احتیاط بھی نہیںبرتی ہے ۔ کھلے گڑھے کی وجہہ سے کوئی بھی ناگہانی واقعہ پیش آتا ہے تو ارباب مجاز کے ساتھ متعلقہ عوامی نمائندے بھی اس کے ذمہ دار ہونگے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کی تعمیر میں تاخیر کی وجہہ سے ان کا کاروبار بھی کافی متاثر ہورہا ہے جبکہ اطراف واکناف میں کافی اسکول اور مدارس بھی ہیں۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ جلد ازجلد تعمیری کام کی تکمیل کرتے ہوئے نہ صرف مسجد کا راستہ صاف کرے بلکہ مقامی لوگوں کے کاروبار پر پڑرہے اثرکو بھی دور کرے۔