جکارتہ ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے لائن ایئر کے تباہ شدہ طیارہ کا ایک بلیک باکس مل گیا ہے۔ انڈونیشیا کی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی کے سربراہ نے یہ بات بتائی جس کے بعد یہ معلوم کرنا یقینی طور پر آسان یا مشکل ثابت ہوسکتا ہے کہ آخر لائن ایئر کا بالکل نیا طیارہ حادثہ کا شکار کیونکر ہوا۔ کمپنی سربراہ سوئر جانتو جانجونو نے بتایا کہ ایک بلیک باکس مل گیا ہے تاہم ہمیں اب تک یہ معلوم نہیں ہوا ہیکہ یہ ایف ڈی آر (فلائیٹ ڈیٹا ریکارڈر) ہے یا سی وی آر (کاک پٹ وائس ریکارڈر) ہے۔ یہ وہ آلات ہیں جو طیارہ کی رفتار، بلندی، سمت اور ساتھ ہی ساتھ عملہ کی بات چیت بھی ریکارڈ کرتے ہیں لہٰذا اس کے ذریعہ اب یہ معلوم کیا جاسکتا ہیکہ بوئنگ ۔ 737 میکس 8 جس کی صرف چند ماہ قبل ہی خدمات حاصل کی گئی تھی، جاوا کے سمندر میں گرنے کی کیا وجہ تھی جس میں 189 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ طیاروں میں استعمال کئے جانے والے بلیک باکس کا رنگ نارنجی ہوتا ہے۔