حادثہ میں لڑکی کی موت کیلئے اس کے والد ذمہ دار:ہیما مالینی

ممبئی / جئے پور ۔ 8 ۔جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیما مالینی نے اپنی مرسیڈیز کو پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں 4 سالہ لڑکی کی موت کیلئے اس کے والد کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ شخص ٹریفک قواعد کی پابندی کیا ہوتا تو اس کی بیٹی بچ سکتی تھی لیکن ہیما مالینی کے ان تبصروں پر مختلف گوشوں نے کافی برہم ردعمل کااظہار کیا ہے۔ ہیما مالینی نے جو اس حادثہ میں زخمی ہوگئی تھیں ، کہا کہ ’’میرا دل اس لڑکی کے بارے میں بھر آتا ہے جو غیر ضروری طور پر اپنی جان سے محروم ہوگئی اور اس کے ارکان خاندان اس حادثہ میں زخمی ہوئے‘‘۔ ہیما مالینی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ اگر لڑکی کے والد ٹریفک قواعد کی پابندی کئے ہوتے تو اس حادثہ سے بچا جاسکتا تھا اور ننھی لڑکی کی جان بچ سکتی تھی‘‘۔ واضح رہے کہ راجستھان کے ضلع دوسہ میں 2 جولائی کو یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب ہیما کی مرسیڈیز دوسری کار سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجہ میں چار سالہ سونم ہلاک اور دیگر پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ 66 سالہ اداکارہ کی جئے پور ہاسپٹل میں سرجری کی گئی۔ اس لڑکی کے والد ہنومان مہاجن نے الزام عائد کیا کہ ہیما مالینی کی کار حادثہ کے وقت 100 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گزر رہی تھی۔ مہاجن جو ہنوز جئے پور کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہے

اور صدمہ سے گزر رہے ہیں، کہا کہ ’’مجھے اس بات پر سخت افسوس ہے کہ ہیما جی جو ایک رکن پارلیمنٹ ہیں، اس قدر چھوٹی سوچ رکھتی ہیں اور ٹوئیٹر پر انہوں نے لکھا ہے کہ میں ٹریفک قواعد کی پابندی نہیں کر رہا تھا‘‘۔ مہاجن نے مزید کہا کہ ’’بڑے لوگ کہیں سے بھی کچھ بھی کہہ سکتے ہیں لیکن اگر ان (ہیما مالینی) میں جرات ہے تو وہ میرے سامنے آئیں اور وہ کہیں جو کہنا چاہتی ہیں۔ میں اس ٹریفک قاعدہ کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں جس کی میں نے خلاف ورزی کی ہے۔ کیا میں تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی چلا رہا تھا یا آیا پھر رانگ سائیٹ پر تھا یا میں نے انڈیکیٹر نہیں دیا تھا یا پھر میں نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھا تھا‘‘۔ ہنومان مہاجن نے کہا کہ ’’میری غلطی صرف یہی تھی کہ میں انتہائی معمولی رفتار پر گاڑی چلا رہا تھا اور ان (ہیما) کی کار انتہائی تیز رفتار تھی، ان کے ڈرائیور کو کیوں گرفتار کیا گیا اور پھر ضمانت پر رہا کیا گیا۔ ہم نے ضلع دوسہ کے کتوالی پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کروایا ہے‘‘۔ اس حادثہ کے فوری بعد مہاجن نے کہا تھا کہ اگر ہیما مالینی سونم کو فی الفور ہاسپٹل پہنچاتیں تو اس لڑکی کی جان بچ سکتی تھی۔